پی ٹی آئی رہنماءفیصل جاوید اورانسداد دہشتگردی عدالت کے جج کے درمیان دلچسپ مکالمہ

جج نے فیصل جاوید سے کہا کہ آپ آج کل اسلام آباد میں نہیں رہ رہے؟ ویسے آج پشاور جانے کا موسم نہیں ہے،پی ٹی آئی رہنماءنے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ جی نہیں آج آپ کے پاس ہی ہوں ویک اینڈ ادھر ہی گزاروں گا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 27 اپریل 2024 11:51

اسلا م آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 اپریل2024 ء) انسداد دہشتگردی عدالت اسلا م آباد کے جج طاہر عباس اور پی ٹی آئی رہنماءفیصل جاوید کے درمیان دلچسپ مکالمہ،تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج پی ٹی آئی رہنماﺅں کے مقدمے کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی ،سماعت کے دوران جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ آج کل اسلام آباد میں نہیں رہ رہے؟ ویسے آج پشاور جانے کا موسم نہیں ہے۔

فیصل جاوید نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ جی نہیں آج آپ کے پاس ہی ہوں ویک اینڈ ادھر ہی گزاروں گا۔فیصل جاوید نے استدعا کی کہ میں دور سے آتا ہوں، پشاور سے آنا پڑتا ہے، ہر تاریخ پر آتا ہوں لمبی تاریخ دے دیں۔ جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ سب درخواستیں ایک ساتھ ہی سن لیں گے آج ہمارے پراسیکیوٹر بھی نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی نے کہا کہ اس کیس میں چالان عدالت میں جمع ہو چکا ہے، کارروائی آگے بڑھ سکتی ہے، عدالت نوٹس جاری کرے جو پیش نہیں ہو رہے، ان کے وارنٹ جاری کئے جائیں۔

جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ آج حاضری پوری کریں اور نقول وصول کر لیں، آج جس کی حاضری نہیں ہو گی اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کروں گا، عامر محمود کیانی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، آپ کہتے ہیں ان کے وارنٹ جاری کریں؟ میں آرڈر کروں گا اور وارنٹ گرفتاری قابل ضمانت جاری کریں گے۔عدالت نے عامر مغل اور فیصل جاوید کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کر دی۔

عدالت نے حاضری مکمل کر کے چالان کے نقول فراہم کرنے کی تاریخ مقرر کر دی۔بعد ازاں دلائل سننے کے بعد عدالت نے حاضری مکمل کر کے نقول تقسیم کرنے کی تاریخ 17 مئی مقرر جبکہ مقدمہ کی مزید سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ فیصل جاوید سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماوٴں کے خلاف خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج ہوا تھا۔