کسانوں نے (کل )پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا

حکومت اپنی مقرر کردہ امدادی قیمت پر گندم کی خریداری یقینی بنائے‘چیئرمین کسان اتحاد

ہفتہ 27 اپریل 2024 15:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) چیئرمین کسان اتحاد حسیب انور نے کل (پیر ) کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنی مقرر کردہ امدادی قیمت پر گندم کی خریداری یقینی بنائے ۔تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب میں 18اپریل سے جاری بارشوں کی وجہ سے 64لاکھ ایکڑ پر کاشت کی گئی فصل بری طرح متاثر ہوگئی۔

پنجاب حکومت نے 22اپریل سے گندم خریداری شروع کرنا تھی، گندم خریداری میں تاخیر کے باعث کسان اپنی کاشت کی گئی گندم کو شہر کی سڑکوں پر بیچنے پر مجبور ہو گئے۔

(جاری ہے)

چیئرمین کسان اتحاد حسیب انور نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی مقرر کردہ امدادی قیمت پر گندم کی خریداری یقینی بنائے ۔حسیب انور نے کہا کہ اس مطالبے کے ساتھ کل بروز پیر 29اپریل کو پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیں گے، مطالبہ پورا ہونے تک بیٹھے رہیں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال گندم کی کٹائی شروع ہونے سے پہلے تک حکومت کے پاس چالیس لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود تھے۔ علاوہ ازیں نگراں حکومت کے دور میں نجی شعبے کے ذریعے ایک ارب ڈالر مالیت کی 34 لاکھ ٹن گندم بیرون ملک سے درآمد کی گئی جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 36 فیصد زیادہ ہے۔