انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے درمیان روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے‘ ڈاکٹر خالد محمود

ہفتہ 27 اپریل 2024 18:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ انڈسٹری اور اکیڈیمیاکے درمیان روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی کے زیر اہتمام دسویں تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل کالج آف فارمیسی ڈاکٹر عاطف رضا، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، فیکلٹی ممبران، طلبائوطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ کالج آف فارمیسی کے اعلیٰ تعلیمی معیار کے باعث دوسرے ممالک سے بھی طلباء یہاں تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے ڈریپ ،پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور مختلف صنعتوں کے ساتھ معاہدوں سے طلباء کی عملی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈگریاں اور میڈل حاصل کرنے والے طلباء ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں طلباء کا کردار بہت اہم ہے۔ڈاکٹر عاطف رضا نے کہا کہ تقریب میں مجموعی طور پر 229 انڈر گریجویٹ اور27 ایم فل سکالرز کو ڈگریاں جبکہ نمایاں پوزیشن لینے والے طلبائوطالبات میں 6گولڈ میڈل تقسیم کئے گئے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈگری مکمل کرنے والے طلبائوطالبات محنت اور لگن سے اپنے اور کالج کے لیے شہرت حاصل کریں گے۔