اورفن کئیر پروگرام الخدمت فائونڈیشن کے زیراہتمام دوروزہ ٹریننگ ورکشاپ کاانعقاد

ہفتہ 27 اپریل 2024 22:41

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) اورفن کئیر پروگرام الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے زیراہتمام دوروزہ ٹریننگ ورکشاپ کاانعقاد مرکزی الخدمت کیمپ آفس کانفرنس ہال راولپنڈی میں ہوا،جہاں بلوچستان،خیبرپختونخوا،پنجاب، آزادکشمیر، گلگت بلستستان کی ریجنل اور مرکزی اورفن ٹیم نے شرکت کی ۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری نے شرکاء سے خطاب اوربعدازاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں 46لاکھ سے زائداورفن بچے ہماری توجہ کے منتظرہیں الخدمت فائونڈیشن اہل خیرکے تعاون سی28ہزار اورفن بچوں کی کفالت پر 2ارب 50کروڑ روپے سالانہ خر چ کررہی ہے۔

ٹریننگ سیشن کے انعقاد کامقصدٹیم کی استعداد کوبڑھاناہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرالخدمت اورفن کئیرپروگرام ائیرمارشل(ر)فاروق حبیب،پروگرام منیجر محمدعلی حیات،میڈیاریلیشنز آفیسر انعام الحق اعوان اختتامی سیشن میں شریک تھے ۔سیدوقاص جعفری نے کہاکہ کسی بھی ادارے کیلئے اہداف کاتعین اور اس کے مطابق عملدرآمد انتہائی اہمیت کا حامل ہوتاہے الخدمت اپنی ٹیم کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے مسلسل ایسے سیشن کاانعقاد کرتی ہے جس سے ٹیم ممبران جدیدتقاضوںکو سیکھ کرعملی میدان میں بروئے کارلاسکیں ،ہماری خواہش ہے کہ ٹیم کا ہرممبراپنے شعبے کے مطابق اپنی تعلیمی استعداد اور اسکل کوبڑھائے تاکہ وہ اپنے دائرہ کار میں بہتر ین کارکردگی کامظاہرہ کرسکے۔

انھوں نے کہاکہ اورفن بچوں کی کفالت کیلئے پاکستان میںکیڈٹ کالج طرزکی22آغوش ہومز ورکنگ کررہے ہیں اس کے علاوہ گھروں پراپنی مائوں یا سرپرستوں کے پاس مقیم اورفن بچوں کی کفالت کاسلسلہ بھی جاری ہے ان اورفن بچوں کوتعلیمی اور خوراک کی ضروریات کیلئے شفاف نظام کے تحت رقم فراہم کی جاتی ہے ،اس کی اکیڈمک اور اخلاقی تربیت کیلئے مختلف سیشن کاانعقاد کیا جاتا ہے جبکہ ان اورفن بچوں کی طے شدہ مدت کے بعد مکمل ہیلتھ اسکریننگ بھی کی جاتی ہے ۔الخدمت فائونڈیشن پاکستان ان اورفن بچوں کوالخدمت اکیڈمک اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے یونیورسٹی سطح تک تعلیم کے مواقع فراہم کرتی ہے ،الخدمت سے وابستہ بے شما ر اورفن بچوں کواسکالرشپ کے ذریعے ترکی بھی بھیجاگیا ہے۔