ہمارا صوبہ علاقائی معیشت کے فروغ میں ایک اہم سٹیک ہولڈر کی حیثیت رکھتا ہے، عبدالکریم تورڈھیر

M علاقائی سطح پر سرمایہ کاری کے امکانات ڈھونڈنے کیلئے باہمی رابطوں اور مشترکہ فورمز کا انعقاد اور ان پر اکٹھا ہونا انتہائی ضروری ہوتا ہے، معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت

ہفتہ 27 اپریل 2024 20:10

uپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیرنے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ علاقائی معیشت کے فروغ میں ایک اہم سٹیک ہولڈر کی حیثیت رکھتا ہے اور یہاں پر بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے کئی شعبوں میں انتہائی وسیع اور مفید مواقع موجود ہیں جن سے ریجن کے سرمایہ کار استفادہ اٹھا سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر سرمایہ کاری کے امکانات ڈھونڈنے کیلئے باہمی رابطوں اور مشترکہ فورمز کا انعقاد اور ان پر اکٹھا ہونا انتہائی ضروری ہوتا ہے کیونکہ یہ دو طرفہ تعاون اور علاقائی سطح پر معاشی ترقی کیلئے اجتماعی ترقی کو بڑھانے کیلئے اہم پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ خیبر پختونخوا دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیساتھ ساتھ جیمز کے حوالے سے بیرونی سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے انتہائی پرکشش مقام ہے اور ہم یہاں پر اس سیکٹر میں سرمایہ کاروں کو سہولیات سے آراستہ ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کی طرف جارہے ہیں تاکہ بیرونی دنیا کے لوگ آئیں اور یہاں کے جیمزترغیبات سے فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پورے ملک کے 80 فیصد جیمز کے وسائل یہاں پر پائے جاتے ہیں۔پشاور میں جدید جیمز پروسسنگ سنٹر قائم کررہے ہیں جہاں پر ون ونڈو آپریشن ہوگا اور یہاں پر ایک ہی مقام میں تمام درکار سہولیات دستیاب ہونگی لہٰذہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ہم یہاں پر دعوت دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتے کے روز حیات آباد پشاور میں ٹیوٹا کے تحت قائم جیمز اینڈ جیولری سنٹر میں نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے تحت منعقدہ تربیتی ورکشاپ کے دوران بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

ورکشاپ میں ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے ممبر ممالک کے ماہرین نے جیمز سنٹر کے اساتذہ اور طلبہ کو عالمی معیارات کے مطابق مختلف سوفٹ ویئرز پر تربیت دی اور انھیں جدید ٹیکنالوجی سے بہرور کرنے کی کوشش کی۔اس موقع پر معاون خصوصی نے خواہش کا اظہار کیا کہ جیمز ٹیکنالوجی میں عالمی معیار حاصل کرنے کیلئے تھائی لینڈ کی جیمز ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ سے ایکریڈیٹیشن حاصل کی جائے۔

انھوں نے عندیہ دیاکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی جیمز سنٹر قائم کئے جائیں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ اگر تھائی ماہرین چاہیں تو انھیں ایس آئی ڈی بی کے اسلام آباد میں واقع نمائشی مرکز میں جیمز کاروبار کیلئے جگہ فراہم کی جاسکتی ہے۔انھوں نے جیمز تربیت کے ورکشاپ کو انتہائی اہم قرار دیا جبکہ اس موقع پر مختلف تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔