پلاسٹک کا استعمال ماحول کے لیے انتہائی خطرناک ہے ،حکومت کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے درپیش مسائل کا ادراک ہے،رومینہ خورشید عالم

حکومت کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے درپیش مسائل کا ادراک ہے، موسمیاتی تبدیلی عالمی مسئلہ ہے اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، معاون خصوصی

اتوار 28 اپریل 2024 15:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) وزیراعظم کی کو آرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پلاسٹک کا استعمال ماحول کے لیے انتہائی خطرناک ہے ،حکومت کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے درپیش مسائل کا ادراک ہے۔رومینہ خورشید عالم نے اتوار کو یہاں مارگلہ ہلز ہاف میراتھن کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ میں یہاں مہمان خصوصی نہیں ہوں۔

انہوں نے پلاسٹک کی بوتل میں پانی پینے سے انکار کر تے ہوئے کہا کہ پلاسٹک کا استعمال ماحول کے لیے انتہائی خطرناک ہے،حکومت پلاسٹک سے پاک ماحول کے لیے موثر حکمتِ عملی مرتب کر رہی ہے۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ حکومت کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے درپیش مسائل کا ادراک ہے، موسمیاتی تبدیلی عالمی مسئلہ ہے اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں کہا کہ صحافیوں کی جانب سے مثبت تجاویزات کو ہمیشہ سراہاتی ہوں۔

رومینہ خورشید عالم نے میراتھن کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی جلد ایک ایونٹ کا انعقاد کر یگی۔ رومینہ خورشید نے کہا کہ میراتھن کا مقصد انعام حاصل کرنا نہیں بلکہ ایک عوامی شعور کو اجاگر کرنا ہے، ہماری نوجوان نسل موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے صف اول کا دستہ ہے،مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی خدمات قابل ستائش ہیں،قدرتی ورثے کے تحفظ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ٹریلز پر سیاحوں کی آمدو رفت بہترین ٹریل مینجمنٹ کی عکاس ہے۔رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ آکسیجن کی فراہمی ہی سب سے بڑا تحفہ ہے،قدرت سے پیار کیجیے یہ ہم سے پیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قدرت خوش نہیں بلکہ ہم سے ناراض ہے۔