حکومت فوری طور پر اعلان کردہ قیمت پر گندم کی خریداری شروع کر ے ‘ ہمایوں اختر خان

کسانوں کو ریلیف دینے کی اسکیم میں پسند ، نا پسند کا عنصر شامل نہیں ہونا چاہیے ‘ سابق وفاقی وزیر

اتوار 28 اپریل 2024 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کسان کو استحصال سے بچانے کے لئے فوری طور پر اعلان کردہ سرکاری قیمت پر گندم کی خریداری شروع کر ے ،کسانوں کو ٹیوب ویل سولر پر منتقل کرنے کیلئے آسان شرائط پر بلا سود قرضے دئیے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 97کے دورہ کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سعد اللہ بلو چ اور سردار سکندر جتوئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ہمایوں اختر خان نے اقبال کالونی میں سابقہ چیئرمین ملک سعید ، ملک ساجدرشید،رائے کامران، جمال فرازی، محمد عباس اور دیگر سے ملاقات کی جس میں حلقے اور کسانوں کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ ہمایوں اختر خان نے حلقے کے دورے کے دوران انتقال کر جانے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاکہ موسم کی غیر متوقع صورتحال کی وجہ سے بھی کسان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ، حکومت اپنی تمام تر توانائیاںکسان سے گندم کی فصل خریدنے پر صرف کرے اور ایسے فیصلے نہ کئے جائیں جس سے کسان متنفر ہو اور 25کروڑ آبادی والے ملک کیلئے فوڈ سکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے جو بھی اسکیم شروع کرے اس میں پسند اور نا پسند کا عنصر شامل نہیں ہونا چاہیے۔