سوئی ناردرن نے گیس چوری پر 612گیس کنکشن منقطع کر کے2کروڑ3لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کر دئیے

اتوار 28 اپریل 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) سوئی ناردرن ٹیموں کی گیس چوروں کیخلاف کارروائیاں، لاہور سمیت مختلف اضلاع میں مزید 612گیس کنکشن منقطع جبکہ 2کروڑ3لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ترجمان کے مطابق سوئی ناردرن گیس کی ریجنل ٹیم نے لاہور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 13 گیس کنکشن منقطع کر کے 3لاکھ 50ہزار کے جرمانے بھی عائد کیے۔

ملتان میں ریجنل ٹیم نے گیس کے غیر قانونی استعمال پر 13 گیس کنکشن منقطع جبکہ کمپریسر کے استعمال پر 2گیس کنکشن منقطع کیے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح سوئی ناردرن گیس کی ٹیم نے پشاور میں میٹر سے چھیڑ چھاڑ،گیس کے براہ راست استعمال، غیر قانونی کنکشن پر 36 گیس کنکشن منقطع کر کے 12 لاکھ 90ہزارکے جرمانے بھی عائد کیے ۔بہاولپور میں ٹیم نے گیس کے غیر قانونی استعمال پر 2 جبکہ کمپریسر کے استعمال پر 9گیس کنکشن منقطع کیے ۔

ساہیوال میں ٹیم نے غیر قانونی استعمال پر 3گیس کنکشن منقطع کیے. فیصل آباد میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر دو گیس کنکشن منقطع جبکہ 50ہزار کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ شیخو پورہ میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 418جبکہ کمپر یسر کے استعمال پر 114 گیس کنکشن منقطع جبکہ 1کروڑ 86 لاکھ کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ۔مزید 19 ایف آئی آرز بھی درج کی گئی ۔