محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو مقررہ وقت میں کپاس کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 29 اپریل 2024 13:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو 31مئی تک کپاس کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ پنجاب کے ذرخیز علاقوں بشمول بہاولپور، رحیم یار خا ن میں آئی آر 3701وغیرہ، مظفر گڑھ، بہاولنگر کے اضلاع میں ایم جی 6وغیرہ، خانیوال، ملتان، وہاڑی، لودھراں میں ستارہ 008 وغیرہ، کپا س کے ثانوی علاقوں میں علی اکبر 802 وغیرہ، جنوبی پنجاب کے کم پانی والے علاقوں اور کمزور رقبوں پر آئی آر 1524 وغیرہ، ذرخیز علاقوں میں ٹارزن ون، تمام درمیانے ذرخیز علاقوں میں ایم این ایچ 886، وی ایچ 259 وغیرہ، درمیانی زمینوں اور کم پانی والے علاقوں میں بی ایچ 178 اور سی آئی ایم 599وغیرہ کی کاشت 31مئی تک مکمل کر کے شاندار فصل حاصل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کپاس کے درمیانے علاقوں میں سی آئی ایم 599، سی آئی ایم 602،ایف ایچ 118، ایف ایچ 142، آئی آر نایاب 824 وغیرہ، درمیانے ذرخیز علاقوں میں سائبان 201، ستارہ 11ایم، کے زیڈ 181، ٹارزن 2، سی اے 12 وغیرہ کاشت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ زیادہ وائرس والے علاقوں میں کاشت کیلئے اے 555 وغیرہ انتہائی موزوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکار پودوں کی تعداد کو ملحوظ خاطر رکھ کر کاشت کریں اور بہتر فصل کی پیداوار کے حصول کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیاجائے نیز کاشتکار متوازن کھادوں کے ساتھ جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کیلئے زہروں کا ماہرین کی مشاورت سے استعمال کریں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار حضرات کو چاہیے کہ وہ رس چوسنے والے کیڑوں سے بچاؤ کیلئے کپاس کے بیج کو زہر آلود کر کے کاشت کریں جبکہ اگیتی کاشت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے زہر پاشی کرنے سمیت جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ فی ایکڑ اوسط پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ ماہرین زراعت پر مشتمل ٹرینڈ فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کی رہنمائی کر رہا ہے اسلئے کاشتکاروں کو اس سے بھر پور استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ماہرین زراعت کے مشوروں پر عمل سے جہاں کاشتکار خوشحال ہو گا وہیں زرعی ترقی کے باعث ملک میں معاشی استحکام لانے میں بھی مدد ملے گی۔