پہلی وزیراعلی پنجاب پنک گیمز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

پیر 29 اپریل 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) پہلی وزیراعلی پنجاب پنک گیمز کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب پنجاب یونیورسٹی اور لاہور کالج فاروومن یونیورسٹی میں ہوئی ہے، پہلی وزیراعلی پنجاب پنک گیمز کی ٹرافی کا ٹور نیشنل ہاکی سٹیڈیم سے ڈھول کی تھاپ اور قومی ترانوں کے ساتھ شروع ہوا، جو پنجاب یونیورسٹی سے ہوتا ہوا لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی پر اختتام پذیر ہوا ہے،لاہور کالج فاروومن یونیورسٹی اور پنجاب یونیورسٹی میں سینکڑوں طالبات کے درمیان ٹرافی کی رونمائی کی گئی ، تقریب میں نیشنل اور انٹرنیشنل خواتین کھلاڑیوں اورکوچز نے بھی شرکت کی، پنک گیمز کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے بائیک پر ریلی بھی نکالی گئی۔

اس موقع پر وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر شگفتہ ناز،ڈائریکٹر سپورٹس یاسمین اختر، پنجاب یونیورسٹی اوریونیورسٹی آف لاہور کے ڈائریکٹرز سپورٹس زبیر بٹ، سمیرا ستار،، ایڈیشنل ڈائریکٹر طاہرہ سلیم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لاہور تنویر شاہ اور چیف سپورٹس کنسلٹنٹ حفیظ بھٹی ودیگرنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ٹرافی کی نقاب کشائی کی تقریبات میں قومی اور بین الاقوامی خواتین کھلاڑیوں اور کوچز نے بھی شرکت کی ہے، وائس چانسلر لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی پروفیسر شگفتہ ناز اور ڈائریکٹر سپورٹس یاسمین اختر اور پنجاب یونیورسٹی سپورٹس ڈائریکٹر سمیرا ستار نے خطاب کیا ہے۔

وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے پہلی وزیراعلی پنجاب پنک گیمز کا انعقاد خوش آئند ہے،وزیراعلی پنجاب نے خواتین کیلئے گیمز کا انعقاد کروا کر دل جیت لیے ہیں۔ایسی گیمز سے خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی،ڈائریکٹرسپورٹس یاسمین اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن اور صوبائی وزیرکھیل فیصل ایوب کھوکھر کی ہدایت پر سپورٹس کے فروغ کیلئے پنک گیمز کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس سے خواتین کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

یونیورسٹی آف لاہور کی ڈائریکٹر سپورٹس سمیرا ستار نے کہا کہ پنک گیمز کا انعقاد خوش آئند ہے، اس سے خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو گی، اس پر وزیرکھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر، سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال اور ڈی جی سپورٹس پنجاب پرویز اقبال مبارک باد کے مستحق ہیں۔