انسدادپولیو مہم کے ساتھ ساتھ معمول کے حفاظتی ٹیکے لگانا دوبارہ انفیکشن کو روکنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے ،ڈاکٹر مختار

منگل 30 اپریل 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) ڈائریکٹر توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی)پنجاب ڈاکٹر مختار احمد نےکہا کہ انسدادپولیو مہم کے ساتھ ساتھ معمول کے حفاظتی ٹیکے لگانادوبارہ انفیکشن کو روکنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے 91 اضلاع میں 3 مئی تک جاری انسداد پولیو مہم کو عوام کے تعاون سے ہی کامیاب بنایا جا سکتا ہے،علمائے کرام، اساتذہ، سٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹی کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ پولیو مہم کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ملک کو اس موذی مرض سے نجات دلائی جا سکے۔

ڈاکٹر مختار نے کہا کہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں اور عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں، والدین سے درخواست ہے کہ وہ پولیو ویکسین کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے گریز کریں اور اپنے بچوں کو پولیو وائرس سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے ضرور پلائیں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، پنجاب کے تمام شہروں میں 100 فیصد بچوں کو کور کرنا ہماراہے، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے پولیو وائرس کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ والدین کو قائل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔