واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نے گزشتہ سال ڈیم سائٹ پر حادثے کے دوران جاں بحق چار ورکرز کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کر دیئے

منگل 30 اپریل 2024 21:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نے گزشتہ سال ڈیم سائٹ پر بدقسمت حادثے کے دوران جاں بحق کنٹریکٹر کے چار ورکرز کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کر دیئے ۔ امدادی چیک جنرل مینجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامر بھاشا ڈیم انجینئر نزاکت حسین اور دیگر متعلقہ حکام نے لواحقین کے حوالے کئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)سجاد غنی کی زیرصدارت واپڈا اتھارٹی کے اجلاس میں ڈیم سائٹ پر جاں بحق ورکرز کو امدادی رقوم دینے کی منظوری دی تھی۔

واپڈا اتھارٹی کے مطابق مین ڈیم سائٹ پر خدانخواستہ آئندہ کسی بھی حادثے میں جاں بحق کنٹریکٹرزکے ورکرز کو پانچ لاکھ روپے امدادی رقم دینے کی پالیسی کی منظوری بھی دی ہے۔امدادی چیک ملنے پر جاں بحق ورکرزکےلواحقین نے چیئرمین واپڈا نجینئرلیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی ، چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامر بھاشا ڈیم کمپنی عامر بشیر چودھری اور جنرل مینجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ انجنیئر نزاکت حسین کا شکریہ ادا کیا۔