نئی توانائی گاڑیوں کے تربیتی کورس کے لئے ای سی او ایس ایف وفد بیجنگ کا دورہ

بدھ 1 مئی 2024 21:21

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) اقتصادی تعاون تنظیم سائنس فاؤنڈیشن کے ایک وفد نیچین کی نئی توانائی گاڑیوں سے متعلق دو ہفتے کے تربیتی کورس کیلئے بیجنگ کا دورہ کیا۔ گوادر پرو کے مطابق وفد میں پاکستان، ترکی، ایران، آذربائیجان، قازقستان اور تاجکستان سمیت ای سی او کے رکن ممالک کے 15 سے زائد شرکاء شامل تھے۔ چین کے نیشنل نیو انرجی وہیکل ٹیکنالوجی انوویشن سینٹر کے اسپانسر کردہ اس تربیت کا مقصد چین کی نئی توانائی گاڑی صنعت سے متعلق شرکاء کی معلومات میں اضافہ کرنا اور پائیدار توانائی شعبے میں ممکنہ تعاون کی تلاش کرنا تھا۔

گوادر پرو کے مطابق تربیتی ورکشاپ کی قیادت برقی گاڑیوں (ای وی) کے شعبے کے معروف چینی ماہرین نے کی جنہوں نے الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی ، ڈرائیوٹرین ٹیکنالوجیز، بیٹری ٹیکنالوجیز، اسمارٹ پیداوار ، خودکار ڈرائیونگ،چارجنگ اور بیٹری سوئپنگ انفراسٹرکچر سمیت مختلف اہم موضوعات پر معلوماتی لیکچرز دیئے۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق شرکاء نے لانچ ڈیزائن (الیکٹرک گاڑیوں کیلئے ٹرنکی سلوشنز میں ایک عالمی رہنما)، بیڈو خودمختار ڈرائیونگ سینٹر، گریٹ وال موٹرز مینوفیکچرنگ سہولت، ہائیڈروجن فیول سیل ٹیکنالوجی، لیتھیم آئن بیٹری اسمبلنگ اور انرجی ہب کے بیٹری سوئپنگ اسٹیشن کے دوروں میں قیمتی رہنمائی حاصل کی۔

وفد نے ای سی او کے رکن ممالک کے نمائندوں کی حیثیت سے ایک جامع الیکٹرک موبلٹی مارکیٹ کا تجزیہ اور خطے میں برقی نقل و حرکت کے اہداف کے حصول کیلئے موزوں نقطہ نظر پیش کیا۔گوادر پرو کے مطابق پائیدار توانائی میں مہارت رکھنے والے ایک تجربہ کار پاکستانی پیشہ ور انجینئر خلیل رضا نے گوادر پرو کو بتایاکہ سب سے متاثر کن پہلو چینی گاڑی سازوں میں اختراع کی سطح تھی خاص کر پیداواری کے وقت کو 48 ماہ سے کم کرکے 24 ماہ سے کم کرنے سے اخراجات میں کمی آتی ہے۔

گوادر پرو کے مطابق انہوں نے وضاحت کی کہ عالمی سطح پر ای وی شعبے میں چین کا قائدانہ کردار ایک مضبوط مقامی سپلائی چین، ایک انتہائی ہنر مند اور تربیت یافتہ افرادی قوت، اور ایک محتاط طریقے سے تیار کردہ پالیسی فریم ورک کی بدولت ہے جو چینی گاڑی سازوں کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرتا ہے۔