حکومت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کیلئے اقدامات کر رہی ہے،شزہ فاطمہ

وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے تحت پرائیویٹ سیکٹر کو مکمل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں، جلد ہی پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ پلیٹ فارم لانچ کیا جائے گا،وزیر مملکت کی وفد سے ملاقات میں گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 1 مئی 2024 18:01

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مئی 2024 ء) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کاکہنا ہے کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کیلئے اقدامات کر رہی ہے ، وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے تحت پرائیویٹ سیکٹر کو مکمل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں، جلد ہی پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ پلیٹ فارم لانچ کیا جائے گا، نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ڈیجیٹل مہارتیں سکھانا ضروری ہے۔

وزیر مملکت شزہ فاطمہ سے ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کی ممبر کمپنیوں کے نمائندوں نے منیجنگ ڈائریکٹر جیف پین کی سربراہی میں ورچوئل ملاقات کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت آئی ٹی عائشہ حمیرا موریانی، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، ممبر ٹیلی کام محمد جہانزیب رحیم بھی موجود تھے۔ ایشیاانٹرنیٹ کولیشن میں دنیا کی بڑی کمپنیاں جیسے فیس بک، ایپل، گوگل، ایمزون، ایکس، یاہو اور متعدد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت شزہ فاطمہ سے ملاقات میں ڈیجیٹلائزیشن، سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال اور ڈیجیٹل رائٹس اور ای سیفٹی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کی ممبر کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو میں وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال بہت اہم ہے، نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی ترقی پر توجہ مرکوز ہے۔

، حکومت ڈیجیٹل منتقلی کیلئے پر عزم ہے۔ سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف پالیسیوں پر کام جاری رکھا ہوا ہے ۔حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انہیں پیشہ وارانہ تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کی مہارتیں فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے ۔ ملک کے انتہائی باصلاحیت لاکھوں نوجوانوں پر مشتمل ملک کے عظیم اثاثہ کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے۔