محنت کش کان کنوں کی حفاظت کے لئے جدید سیفٹی کٹس فراہم کی جائیں ، ناصرشاہ

بدھ 1 مئی 2024 21:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) صوبائی وزیر توانائی منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے یوم مزدور کے عالمی دن کے موقع پرعلی ہاؤس کراچی میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے محکمہ توانائی کے تمام متعلقہ افسرا ن کو ہدایت کی ہے کہ کوئلہ کی کانوں میں کام کرنے والے تمام کان کن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،تمام متعلقہ کمپنیز کانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی جان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ کان کنوں کی حفاظت کے لیے جدید تقاضوں کے ہم آہنگ سیفٹی اقدامات کیے جائیں ،محنت کشوں کو جدید سیفٹی کیٹس فراہم کی جائیں،کان کنوں کی صحت کے لیے ڈسپنسریز اور صحت کے عملے کو فعال رکھا جائے، ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کسی بھی ایمرجنسی کے لیے ایمبولنسز کو بھی تیار پوزیشن میں رکھا جائے ،کان کنوں کی جانوں کی حفاظت کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، صوبہ کی ترقی اور خوشحالی میں محنت کشوں کی خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر توانائی منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ مزدور طبقہ کسی بھی ملک یا معاشرے کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،آج کا دن محنت کشوں اور ان کے حقوق کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی مزدوروں اور کسانوں کی جماعت ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ انکے حقوق کی جدوجہد کی ہے،پیپلز پارٹی محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور ان کی انقلابی جدوجہد کی کامیابی پر یقین رکھتی ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مزدور اور محنت کش طبقے کی بحالی اور ان کے روشن مستقبل کیلئے اقدامات کرتی رہے گی،سندھ حکومت مزدوروں کی مزید بہتری کیلئے عملی اقدام اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ مزدوروں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی،ملکی تعمیر و ترقی میں محنت کشوں کا کردار کلیدی ہے،محنت کش نیک نیتی اور دیانت کی شاندار روایات کے امین ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے،پاکستان کی ترقی مزدور کی خوشحالی میں پنہاں ہے۔#