چناری،لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات سے ٹوٹنے والی مین واٹر سپلائی لائن کی بندش سے سات یونین کونسلوں میںپانی کی شدیدقلت پیدا ہو گئی

بدھ 1 مئی 2024 22:23

چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات سے ٹوٹنے والی مین واٹر سپلائی لائن کی بندش سے سات یونین کونسلوں کے مرکز چناری میںپانی کی شدیدقلت پیدا ہو گئی مساجد،ہوٹلوں اور گھروں میںپانی ختم ،عوام شدید مشکلات کا شکار،محکمہ پبلک ہیلتھ کے اہلکاروں کی یوم مئی کی تعطیل کے باوجود لائن مرمتی کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں،عوامی حلقوں کا ہنگامی بنیادوں پروزیر اعظم آزاد کشمیر،وزیر تعمیرات عامہ،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے لائن مرمتی،پانی کی سپلائی بحالی کے لیے احکامات دینے کا مطالبہ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث سات یونین کونسلوں کے مرکز چناری کو پانی سپلائی کرنے والی مین واٹر سپلائی لائن مختلف مقامات سے ٹوٹ گئی جس کی مرمتی کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ کے اہلکاروں نے مقامی لوگوں کی موجودگی میں یوم مئی کی تعطیل کے باوجودٹھیک کرنے کی کوشش کی آخری اطلاعات کے موصول ہونے تک محکمہ پبلک ہیلتھ کے اہلکار افرادی قوت کم ہونے کی وجہ سے لائن بحالی میں کامیاب نہ ہو پائے،تیسرے روز بھی لائن مرمتی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سات یونین کونسلوں کے مرکز چناری کی مساجد ،گھروں ،ہوٹلوں میں پانی مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہو رہ گئے ہیں عوامی حلقوں نے وزیراعظم ،وزیرتعمیرات اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ چناری میں پانی کی بحالی کے لیے فوری طور پر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کریں ،محکمہ پبلک ہیلتھ افرادی قوت بڑھاتے ہوئے لائن مر متی کر کے عوام کی مشکلات ختم کرے ،اگر محکمہ پبلک ہیلتھ نے افرادی قوت میں اضافہ نہ کیا تو پھر مزید کئی روز تک چناری کا پانی بحال ہونا مشکل ہے۔

۔۔۔۔۔