قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں جواں ہمت محنت کشوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،یوسف رضا گیلانی

پاکستان تمام سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہے جن میں مزدوروں کے حقوق کی فراہمی و تحفظ ریاست کا آئین فراہم کرتا ہے،چیئرمین سینیٹ

بدھ 1 مئی 2024 21:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں ہمارے جواں ہمت محنت کشوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان ان تمام سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہے جن میں مزدوروں کے حقوق کی فراہمی و تحفظ ریاست کا آئین فراہم کرتا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم مئی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے، ہنر مند اور غیر ہنر مند مزدوروں کے کم سے کم معاوضے میں اضافہ کر کے محنت کشوں کے مسائل کومزید کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نہ صرف اندرون ملک کام کرنے والے محنت کشوں بلکہ تارکین وطن کے مسائل کے حل اور بہبود کیلئے بھی متعدد اقدام اٹھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یکم مئی مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے یہ دن ہمیں ان مواقع کو تسلیم کرنے اور خراج تحسین پیش کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے جو محنت کشوں نے اپنے اپنے ممالک کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں یہ دن مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی متحرک افرادی قوت ہماری ترقی کی اصل رفتار ہے، حکومت کا تیز، جامع اور پائیدار ترقی کا ہدف صرف ہماری محنتی، سرشار اور پرعزم افرادی قوت کی بدولت ہی حاصل ہوسکتا ہے۔