سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے ماہانہ آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا

172176 ایمرجنسی متاثرین کو ماہ ا پر یل کے دوران ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں ‘ڈاکٹر رضوان نصیر

جمعرات 2 مئی 2024 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) محکمہ ایمرجنسی سروسزکے سیکرٹری ڈاکٹر رضوان نصیر نے ماہانہ کارکردگی اجلاس میںپنجاب بھر کے تمام اضلاع کی ماہانہ آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔جائزہ اجلاس میں ریجنل ایمرجنسی آفیسرز ، پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ ایڈمنسٹریٹر ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز، صوبائی مانیٹرنگ آفیسر، تمام ونگ کے سربراہان، ایمرجنسی سروسزکے سینئر افسران نے شرکت کی۔

پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران نے میجرایمرجنسیز، ہنگامی صورتحال،کیس اسٹڈیز،درپیش چیلنجز اوراہم اقدامات سمیت اپنی آپریشنل کارکردگی کے بارے میںآگاہ کیا۔اس موقع پر صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس نے ماہ اپریل میں پنجاب بھر میں بروقت رسپانس کرتے ہوئے 176401ایمرجنسیزکے 172176متاثرین کوریسکیو سروسزفراہم کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ176401 ایمرجنسیزمیں 113827میڈیکل ایمرجنسیز،41371 روڈ ٹریفک حادثات،3449ڈلیوری کیس،3950جرائم کے واقعات،2793آتشزدگی کے واقعات،1638کام کو دوران زخمی ہونے کے واقعات،1034جانوروں کو ریسکیو کرنے کے واقعات،31عمارتیں گرنے،83ڈوبنے کے واقعات اور13312 متفرق ریسکیو ایمرجنسیزشامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایاکہ گزشتہ ماہ کے دوران پنجاب میں 41371 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 327 افراد جاں بحق ہوئے۔

ان ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات 8383 لاہور میں ہوئے جن میں 30 افراد جانبحق ہوئے۔ اسی طرح فیصل آباد میں 2955،ملتان میں 2612، گوجرانوالہ میں 2333،شیخوپورہ میں 1581،راولپنڈی1423 جبکہ باقی 30 اضلاع میں 22084 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے۔اسی طرح آگ کے زیادہ تر واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں 574،فیصل آباد میں 181،ملتان میں 146،شیخوپورہ میں 141،رحیم یا ر خان117 اورراولپنڈی میں 116 رپورٹ ہوئے۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے گزشتہ ماہ کے دوران41371 روڈ ٹریفک حادثات میں 327 افراد کی ہلاکتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کو ہدایت کی کہ وہ روڈ سیفٹی کے اقدامات کو اپنائیں اوردنیا بھر میں اپنائی جانے والی روڈ سیفٹی کی آگاہی مہم لو30 - (Love-30)کے مطابق اپنی حد رفتار رکھیں۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز (ڈی ای اوز) کو ہدایت کی کہ شہریوں کو غیر قانونی پارکنگ سے گریز کرنے اور خاص طور پر مسافروں کو گنے کی کرشنگ سیزن کے دوران ٹریکٹر ٹرالی کے حوالے سے خصوصی احتیاطی تدابیر کی تلقین کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ممنوعہ اور غیر قانونی سرگرمیوں جیسے ٹریکٹر ٹرالیوں یا سڑکوں کے اطراف میں گاڑیوں کی پارکنگ، پھیلی ہوئی سلاخوں والی گاڑیاں، غیر فعال ہیڈ لائٹس، غیر رجسٹرڈ مقامی طور پر امپرووائزڈ گاڑیاں اور کم عمر ڈرائیور کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے ضلعی ایمرجنسی آفیسر کو مزید ہدایت کی کہ وہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کے ساتھ رابطہ سازی کو مزید بہتر کریں تاکہ تیز رفتار سڑکوں پرغیر ضروری گاڑیوں اور غیر قانونی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے تاکہ عوام الناس کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔