امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی چاند پر پاکستان کے سیٹلائیٹ مشن کی کامیاب لانچنگ پر مبارکباد

جمعہ 3 مئی 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2024ء) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے چاند پر بھیجے جانے والے پاکستان کے سیٹلائٹ مشن ’’آئی کیوب قمر ‘‘کو تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مواقع دستیاب ہوں تو پاکستانی سائنس و ٹیکنالوجی میں کسی سے پیچھے نہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جماعت اسلامی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حافظ نعیم الرحمن نے آئی کیوب قمر مشن کی کامیاب لانچنگ پر ایک ٹویٹ کے ذریعے انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے اساتذہ، طلبہ اور سپارکو ٹیم کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی بدحالی سے نکلنے کا واحد راستہ آئی ٹی و دیگر جدید ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دینے میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول اور مواقع فراہم کرے۔ حافظ نعیم الرحمن نے سیٹلائٹ مشن کی کامیابی کے لیے دعا کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔