مشیر برائے کھیل سے آسٹریلیا میں سکواش چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنیوالے کھلاڑیوں کی ملاقات

وفد نے مشیر کھیل کی جانب سے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور کوششوں کو سراہا

ہفتہ 4 مئی 2024 02:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان سے انکے دفتر سول سیکریٹیریٹ پشاور میں پاکستان سکواش فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور سابق لیجنڈ کھلاڑی فخر زمان کی معیت میں آسٹریلیا میں سکواش چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں محمد فواد خان،یحیی ٰخان اور ابرہیم زیب پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وفد نے مشیر کھیل کی جانب سے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر مشیر کھیل نے اظہار خیال کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کے کھلاڑیوں کو حکومت اور محکمہ کی جانب سے بھرپور مدد فراہم کی جائے گی۔مشیر کھیل نے آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کرنے اور ملک و صوبے کا نام روشن کرنے پر کھلاڑیوں کو ایک،ایک لاکھ روپے نقد انعام کے چیک بھی حوالے کئے۔

(جاری ہے)

سکواش فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری قمر زمان نے مشیر کھیل کا صوبے کی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔دریں اثناں،بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے بھی مشیر کھیل سے ملاقات کی اور صوبے میں نابینا افراد کیلئے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر انھوں نے مشیر کھیل کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے خصوصی افراد کو کھیلوں کے مواقع کی فراہمی پر بلائنڈ کرکٹ ایسی ایشن کی جانب سے مشیر کھیل کو شیلڈ بھی پیش کی۔