لیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ،30ہزار سے زائدملزمان گرفتار،جرمانہ عائد

اتوار 5 مئی 2024 12:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2024ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اب تک کی کارروائیوں میں 30 ہزار434ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

انسداد بجلی چوری مہم کو 227 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 77 ہزار55 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 72 ہزار 4 سو 94 ملزمان کیخلاف مقدمات درج اور30 ہزار4 سو 34 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ بجلی چوروں کو اب تک 9 کروڑ 20 لاکھ 8 ہزار1 سو63 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب 40 کروڑ 99 لاکھ 32 ہزار5سو روپے ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں مزید5 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا جبکہ مجموعی طور پر363 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 121 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔

پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل، 1 زرعی اور351 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز منقطع کرکے انہیں 2 لاکھ 48 ہزار 63 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 61 لاکھ 65 ہزار 9 سو43 روپے ہے۔ترجمان نے کہاکہ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن کے کنکشنز بھی منقطع اورانہیں ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔

قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں کنکشن کو 6 لاکھ 6 ہزار روپے ، اتحاد پارک کے علاقے میں کنکشن کو1 لاکھ 20 ہزار روپے ، نعیم پارک کے علاقے میں ایک ملزم کو 1 لاکھ 20 ہزار روپے اور شاہدرہ میں ملزم کو 1 لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم چارج کی گئے ۔اس حوالے سے لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق آپریشن جاری رہے گا،آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :