ایسٹ ویسٹ سنٹر کی چونسٹھ ویں سالگرہ پر لاہور چیپٹر کی طرف سے ایلومینائی کا مشاورتی اجلاس

پیر 6 مئی 2024 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2024ء) ایسٹ ویسٹ سنٹر کی چونسٹھ ویں سالگرہ کے موقع پر لاہور چیپٹر کی طرف سے ایلومینائی کا ایک مشاورتی اجلاس لاہور پریس کلب میں منعقد ہوا۔ سینئر صحافی، لاہور پریس کلب کے قائم مقام صدر اور ایسٹ ویسٹ سنٹر کے ایلومینائی شیراز حسنات نے پروگرام کوآرڈینیٹ کیا۔ گفتگو کا محور موسمیاتی بحران کی خطرناک صورتحال اور اس کے اثرات کو کم کرنے کے ممکنہ حل پر مرکوز تھا۔

میٹنگ کے دوران ایسٹ ویسٹ سنٹر کی صدر "سوزین ویرس لم" کا پیغام نشر کیا گیا جس میں انہوں نے بتایا کہ اس سال کا تھیم "کمیونٹی بیسڈ کلائمیٹ ریزیلینس" ہے۔ خصوصی نشست میں شرکت کرنے والے سینئر صحافی اور ایسٹ ویسٹ سنٹر کے ایلومینائیز میں جبار چودھری، ملک عامر، رانا نوید، ہما صدف، نوشین نقوی، رضوان انور، ضیاء الرحمان، انعم حفیظ اور عمائمہ شامل تھیں۔

(جاری ہے)

لاہور میں سموگ سے متعلق نیوز سٹوریز کے اپنے تجربات شئیر کئے۔ شرکاء نے توجہ دلائی کہ موسمیاتی بحران کے باعث لاوہر میں اوسط عمر میں چار سے پانچ سال کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ شرکاء نے بتایا کہ لاہور میں سموگ کی وجوہات میں ٹرانسپورٹ کا تینتالیس فیصد، صنعتوں کا پچیس فیصد اور فضلہ اور سالڈ ویسٹ کو جلانے کا بیس فیصد حصہ ہے۔ سیشن کے دوران، ایلومینائیز نے فصلوں کو درپیش موسمیاتی تغیرات کے اثرات پر بھی گفتگو کی۔

اس جانب بھی توجہ مبذول کرائی کہ میڈیا کوریج کی کمی اور ذرعی طریقوں میں جدت کو اپنانے کو فروغ میں ناکامی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں ایک رکاوٹ ہے۔ شرکاء کی جانب سے پلاسٹک کے استعمال کے حوالے سے جامع قانون سازی اور ری سائیکلنگ کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ لاہر پریس کلب کے قائم مقام صدر اور سینئر صحافی شیراز حسنات نے اس سلسلے میں موسمیاتی کانفرنس منعقد کرنے اور ماحولیات کے ماہرین کو مدعو کرنے کی تجویز پیش کی۔ اجلاس کے آخر میں ایلومینائیز نے مستقبل کی میٹنگوں کی کے حوالے سے کئی تجاویز بھی پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :