سیاستدان موروثیت چھوڑ کر جمہوریت لے آئیں ‘ فائق شاہ

ملک کے کسی جماعت وادارے نے عوام کو حق حکمرانی اور اختیار و انصاف نہیں دیا‘ چیئرمین امن ترقی پارٹی

جمعہ 10 مئی 2024 19:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2024ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے وکلا اور عمائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں موروثیت ختم کر کے پارٹی میں جمہوریت لے آئیں، ڈکٹیٹر شپ، فسطائیت اور ون مین شو پارٹی کو آمریت بلکہ فرعونیت میں مبتلا کر دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن ترقی پارٹی نے پہلی دفعہ قیادت نے اعلان کیا کہ کہ وہ کوئی حکومتی عہدہ نہیں لے گی تمام تر اقتدار عوام کی مشاورت اور عوامی بورڈ برائے حکمت و ایمانداری میرٹ پر لائے گی، محمد فائق شاہ نے کہا کہ آج تک عوام کو حق حکمرانی اور اختیار نہیں دیا گیا، سیاسی جماعتوں، پارلیمنٹ اور اداروں کو مل کر عوام کو اختیار و انصاف دینا ہوگا ترقی، معاشی استحکام اور انصاف نظر آئیگا، سانحات اسلئے جنم لیتے ہیں کہ قیادت میں آمریت ہے پارٹی ون مین شو کا محور ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی اسٹرکچر میں اتنی تبدیلی بھی ملک کیلئے بارش کا پہلا قطرہ ہوگی، جس سے بہار ضرور آئے گی، بدقسمتی سے سیاسی جماعتیں جمہوریت اور جمہور کی دشمن ہیں انہیں صرف عہدوں، اقتدار اور مفادات کا کالچ ہے حکومت یہاں کاروبار باہر، جائیداد باہر، علاج اور تعلیم باہر ایسے ان کے اقتدار سے عام آدمی نفرت کرتا ہے اور شعور کے اس زمانے میں یہ مفادات زیادہ دیر نہیں چل سکیں گے، کردار اور عمل سے ثابت کرنا ہوگا تاکہ ملکی ترقی اور بیرونی سطح پر اعتماد قائم ہو سکے۔