گورنمنٹ اسلامیہ کالج کے سابق چوکیدارسے کروڑوں روپے مالیت 10مرلہ اراضی واگزار کروالی گئی

جمعہ 10 مئی 2024 20:30

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2024ء) دھمکیاں ،دباؤ اور لاکھوں روپے رشوت کی آفرمسترد ،گورنمنٹ اسلامیہ کالج کی کروڑوں مالیت کی اراضی واگزار کروا لی گئی ،کالج کے سابق چوکیداراشرف پہاڑیہ نے 10مرلہ سرکاری اراضی پرغیرقانونی قبضہ کرکے اس پرباقاعدہ رہائش اختیارکررکھی تھی ،اراضی کاکیس مختلف عدالتوں میں تقریبا12 سال زیرسماعت رہابالاخر پرنسپل پروفیسرڈاکٹرزمان چیمہ اوران کی ٹیم کی مسلسل پیروی کے نتیجے میں کالج انتظامیہ نے کیس جیت لیا، زمین کا قبضہ لینے کے موقع پرپرنسپل پروفیسرزمان احمد خود موقع پر موجود رہے ، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی ۔

تفصیلات کے مطابق بالاخرایک طویل جدوجہد کے بعد پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ اسلامیہ کالج پروفیسرڈاکٹرزمان چیمہ کی دلیرانہ قیادت میں کالج کی کروڑوں مالیت کی قبضہ شدہ 10 مرلہ اراضی کالج کے سابق چوکیدار سے واہ گزارکروا لی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کالج کے ایک سابق چوکیدار اشرف پہاڑیہ نامی ملازم کو اس کی ملازمت کے دوران کوارٹر الاٹ کیا گیا تھا ۔

چوکیدار کی ریٹائرمنٹ کے بعدجب کالج انتظامیہ نے اس کو کوارٹر خالی کرنے کا کہا تو اس نے کوارٹر خالی کرنے کے بجائے عدالت میں استقرار حق کا دعوی کر دیا جو تقریبابارہ سال چلتا رہا اس صورتحال پر کالج انتظامیہ نے بھی کیس کی پیروی جاری رکھی اور بالاخر 10 سے 12 سال کی طویل اور صبرآزما جدوجہد کے بعد کالج انتظامیہ اپنے پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر زمان چیمہ کی قیادت میں اس اہم کیس کا عدالتوں سے فیصلہ کالج کے حق میں کروانے میں کامیاب ہو گئی۔

اس کامیابی پر کالج کے پرنسپل اور ان کی پوری ٹیم کو کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے شاباش دی گئی ہے جبکہ عوامی سماجی شہری حلقوں کی جانب سے بھی ان کی کاوشوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے ۔اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ کالج پروفیسر ڈاکٹر زمان کا کہنا تھا کہ وہ اس کامیابی پر سب سے پہلے اللہ تعالی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کالج کی واگزار کروائی گئی 10 مرلہ اراضی پر جس میں کمرے بنے ہوئے ہیں اب ان میں کلاسیں بٹھائیں گے تاکہ طلبہ کو ان کی پڑھائی میں آسانی ہو۔\378

متعلقہ عنوان :