جمہوری معاشرے میں مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہوتا ہے، پروفیسر تقدیس گیلانی

ہفتہ 11 مئی 2024 22:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) آزادکشمیر کی وزیرسمال انڈسٹریز وٹریڈ اینڈ ٹریول پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوری معاشرے میں مسائل کا حل بات چیت اور مذاکرات سے ہی ممکن ہوتا ہے،آزاد حکومت کی طرف سے ایکشن کمیٹیوں کے نمائندگان سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، احتجاج کرنے والے بھی ہمارے اپنے لوگ ہیں ،کوئی دشمن نہیں، خطے کے اندر اسطرح کی انتہاپسندی کا رحجان اورپرتشدد واقعات افسوسناک ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد ائیرپورٹ سے جدہ سعودی عرب روانہ ہونے سے پہلے ایکشن کمیٹیوں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام معاملات کو بیٹھ کر حقیقت پسندانہ طرز عمل اپناتے ہوئے حل کرنا چایئے، سرکاری املاک کسی حکومت یا ایک فرد کی نہیں ہم سب کی مشترکہ پراپرٹی ہیں، انکو نقصان پہنچانا ذمہ دار شہریوں کا طرز عمل نہیں، ایکشن کمیٹیوں کے نمائندگان سے اپیل ہے کہ وہ اس بات کا دھیان رکھیں کہ دشمن بھی ہماری ریاست کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہے اور ہندوستان کا میڈیا ہمارے اندرونی معاملات کو پروپیگنڈے کے طور پر غلط رنگ دے کر دنیا کو دیکھا رہا ہےاس لیے مناسب ہے کہ تمام معاملات مل بیٹھ کر خوش اسلوبی سے حل کئےجائیں،یہ ریاست ہم سب کی ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔