آرمی چیف نے پاکستان کو آزاد وطن ثابت کیا، عادل جارج مٹو

جنرل عاصم منیر نے دراندازی کا مئوثر جواب دے کر ثابت کیا ہے پاکستان قوم کو غلامی قبول نہیں،چیئرمین کرسچن رائٹس ڈیفنس کونسل

اتوار 12 مئی 2024 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) کرسچن رائٹس ڈیفنس کونسل ( سی آر ڈی سی ) کے چیئرمین عادل جارج مٹو نے پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی اور آرمی چیف جنرل سیدحافظ عاصم مینر پر بے بنیاد الزامات کے مہم کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی قوم کا یقین کامل ہے کہ افواج پاکستان ملک کی جغرافیائی اورنظریاتی سرحد کی محافظ اور امین ہے، پاک فوج پر الزام تراشی کرنے والے ملک اور قوم کے خیر خواہ نہیں ہیں، عادل جارج مٹو نے کہا کہ جنرل حافظ عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے ملک کے حدود میں غیرملکی دراندازی کا بروقت اور مئوثر جواب دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان قوم کو کسی کی غلامی قبول نہیں ہے اور پاکستان ایک آزاد مملکت ہے، کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل کے چیئر مین عادل جارج مٹو نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل حافظ عاصم منیر نے پاکستان کوآزاد وطن ثابت کیا ہے، ان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، عرب اور یورپی ممالک سمیت پڑوسی ملکوں سے خوشگوار تعلقات استوار ہوئے ہیں، آرمی چیف کے اقدامات سے پاکستان دشمن عناصر خائف ہیں، جبکہ سیاسی لبادہ اوڑھے غدار وطن اپنے غیر ملکی آقائوں کی خوشنودی کے لیے ملک کے اندر اور اور باہر مسلسل منفی پروپیگنڈا کرکے حکومت کے اقدامات کی نفی کرتے ہوئے پاکستان میں عدم استحکام لانا چاہتے ہیں، عادل جارج مٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام ایسے وطن دشمن عناصر سے اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں اور اب مزید ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، پاکستان ترقی کے منازل طے کرتا رہے گا اور ملک کے عوام خوشحالی کی جانب گامزن ہوں گے۔