ویمن کرکٹ کے فروغ کیلئے دن رات کوششیں جاری ہیں، تانیہ ملک

اتوار 12 مئی 2024 18:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہیڈ آف ویمن کرکٹ ونگ تانیہ ملک نے کہا ہے کہ ویمن کرکٹ کے فروغ کیلئے دن رات کوششیں جاری ہیں ، فیصل آباد ریجن کی ٹیم کیلئے کام مکمل کرلیا گیا ، آئندہ بننے والی ٹیموں میں فیصل آباد ریجن کی ویمن کرکٹ ٹیم بھی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جواد سپورٹس اینڈکلچرل کمپلیکس کے دورہ کے موقع پر کیا۔

اس موقع پرپاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر منیجر آف آپریشن ویمن ونگ زغیم عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹیو جواد سپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس شیخ عماد افضل،جی ایم جواد کلب میاں ندیم اشرف،ہیڈ کوچ جواد کلب وکیئر ٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر اور میاں کاشف فرید کے ساتھ ملاقات کے بعد گراؤنڈ کا جائزہ لیتے ہوئے حمیدہ افضل ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے تعارفی میٹنگ بھی کی۔

(جاری ہے)

تانیہ ملک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ویمن کرکٹ کے فروغ کیلئے دن رات محنت کی جارہی ہے اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈمحسن نقوی کی ہدایات کے مطابق نیشنل ویمن ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرایا گیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے جواد کلب گراؤنڈ کا جائزہ لینے کے بعد چیف ایگزیکٹیو جواد کلب شیخ عماد افضل کو یقین دہانی کروائی کہ جس خوبصورتی کیساتھ گراؤنڈ کی تیاری کی گئی ہے وہ قابل تعریف ہے ، یہ گراؤنڈ ویمن کرکٹ کیلئے محفوظ جگہ ہے ، جواد سپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس کیساتھ ویمن کرکٹ کے حوالہ سے جلد ایم او یو دستخط کرلیا جائیگا جس کے بعد کرکٹ کو فیصل آباد میں مزید فروغ ملے گا۔