ملاکنڈڈویژن میں ٹیکس کے نفاذ کیخلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے ،فضل حکیم یوسفزئی

عوام پر کوئی ایسابوجھ ڈالنے کی حمایت نہیں کریں گے جو عوامی مفادات کے خلاف ہو،وزیرجنگلات

اتوار 12 مئی 2024 18:50

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ ملاکنڈڈویژن میں ٹیکس کے نفاذ کیخلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے اور عوام پر کوئی ایسابوجھ ڈالنے کی حمایت نہیں کریں گے جو عوامی مفادات کے خلاف ہو، اس اہم مسئلے میں عوام کے ساتھ ہیں اورعوامی مفادات کو مدنظررکھتے ہوئے عوامی مفادات پرسودے بازی نہیں کریں گے، ہم عوامی لوگ ہیں اورعوام کے ساتھ رہیں گے وہ گزشتہ روز سوات چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیراہتمام ملاکنڈڈویڑن کی جداگانہ حیثیت ختم کرنے اوریہاں ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ایک مشاورتی جرگہ سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

مشاورتی جرگہ میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی، سہیل سلطان ایڈوکیٹ، سلطان روم خان، عبدالمعنم، سوات سٹی میئر شاہد علی خان، چیئرمین تحصیل کبل سعید خان کے علاوہ سوات چیمبر کے صدر راحت علی خان اور یوسف علی خان نے بھی خطاب کیا جس میں ملاکنڈڈویڑن کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے تاجررہنماؤں چیمبرآف کامرس کے نمائندوں، وکلاء برادران،صحافی برادری اوردیگرشعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے بھی شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبران اسمبلی نے واضح کیا کہ ملاکنڈ ڈویڑن میں ٹیکس کے نفاذ کیخلاف عوام کے ساتھ ہیں، بحیثیت منتخب عوامی نمائندہ عوام پر بوجھ مسلط کرنے کے حق میں نہیں ہے، ملاکنڈ ڈویڑن کے عوام کے احساسات اور جذبات کا پورا پورا احساس ہے اسمبلی فلور سمیت ہر فورم پر عوام کی ترجمانی کا حق ادا کرینگے اور عوامی مفادات کو مدنظررکھتے ہوئے عوامی مفادات پرسودے بازی نہیں کریں گے،ہم عوامی لوگ ہیں اورعوام کے ساتھ رہیں گے۔