پنجاب بھر میں 40 لاکھ ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،ڈائریکٹر زراعت

اتوار 12 مئی 2024 19:10

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) کپاس کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کپاس کی کاشت وپیداوار کے اہداف کے حصول کےلئے محکمہ زراعت سرگرم ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ذراعت توسیع پنجاب چودھری عبد الحمید نے ضلع مظفر گڑھ میں محکمہ زراعت کے افسران سے کپاس کی کاشت و دیگر سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈی جی زراعت نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 40 لاکھ ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس موقع پر مہر عابد حسین ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈیرہ غازیخان نے ڈویژن اور ضلع مظفر گڑھ میں جاری توسیع سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر محمد اقبال نیازی نے ضلع میں کپاس کی پیداوار پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ میں 1 لاکھ 83 ہزار 630 ایکڑ اراضی پر کپاس کاشت کرنے کا ہدف دیا گیا ہے جس میں سےاب تک 59 ہزار 26 ایکڑ اراضی پر کپاس کاشت کی جا چکی ہے اور ہدف کا 33 فیصد حاصل ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی زراعت چوہدری عبدالحمید نے کہا کہ کسانوں میں زیادہ سے زیادہ کپاس اگانے کا شعور پیدا کیا جائے۔ زیادہ کپاس اگاؤ مہم کے تحت حکومت پنجاب کسانوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔کسانوں کی فلاح و بہبود اور زراعت کی ترقی ہماری ترجیح ہے۔ زیادہ کپاس اگاؤ مہم 31 مئی تک جاری رہے گی۔ اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن حافظ عبدالحئ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زراعت توسیع عبد الرزاق، محمد افضل قریشی، رانا محمد اعجاز اور محمد واجداور دیگرزراعت افسران موجود تھے۔\378

متعلقہ عنوان :