شہد کی مکھیاں پال کر ذاتی و قومی آمدن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، ماہرین جامعہ زرعیہ

پیر 13 مئی 2024 12:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین ہارٹیکلچروحشرات نے کہا کہ مگس بانی ایک مفید مشغلہ اور منافع بخش ذریعہ معاش بھی ہے لہٰذا شہد کی مکھیاں پال کر نہ صرف ذاتی بلکہ قومی آمدن میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہد کی مکھیاں چار اقسام کی ہوتی ہیں جن میں ڈومنا، چھوٹی، پہاڑی اور یورپی مکھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شہد کی مکھیوں کی سب سے کارآمدپیداوار شہد ہے جو مقوی غذا ہونے کے علاوہ بے شمار بیماریوں کےلئے مفید و جراثیم کش بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہد کے علاوہ یہ مکھیاں خالص موم پیدا کرتی ہیں جو بہت سے مقاصد کےلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہد کی مکھی کا جمع کردہ سریش جراثیم کش ادویات میں استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہد کی مکھیاں پھل دار درختوں، پودوں، زرعی فصلوں، سبزیوں ، آرائشی پودوں، بیلوں،خود رو جھاڑیوں سے رس چوس کر شہد بناتی ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ شہد کی مکھیاں پالنے کیلئے ماہرین حشرات سے بھی معاونت حاصل کی جاسکتی ہے۔