آئندہ 15روز کیلئے پیٹرول کی قیمت 10روپے سی12روپے فی لیٹر کم ہو نے کاامکان

اسمگلنگ بڑھنے سے تیل کی درآمد میں کمی آئی اورریفائنری کی پیداوارکم ہوئی ہے، ملک خدا بخش

پیر 13 مئی 2024 17:31

آئندہ 15روز کیلئے پیٹرول کی قیمت 10روپے سی12روپے فی لیٹر کم ہو نے کاامکان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور ملک میں تیل کی اسمگلنگ بڑھنے اور درآمدی پیٹرول کی کھپت کم ہونے کے سبب حکومت کی جانب سے آئندہ 15روز کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 10روپے سی12روپے فی لیٹر تک کمی کاامکان ہے جس کا اعلان بدھ کو متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ 15روز کیلئے کم کرنے پر غور کیا جارہا ہے جس کے باعث پیٹرولیم ڈیلرز بھی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے محتاط انداز میں پیٹرول خرید رہے ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی توقعات کے حوالے سے ایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انرجی ،پیٹرولیم اور سی این جی سیکٹر کے معروف سینئررہنما ملک خدا بخش نے اس ضمن میں کہا کہ ملک میں پیٹرول کی اسمگلنگ کم ہونے کے بجائے بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے تیل کی درآمد میں کمی آئی ہے ،دوسری جانب ریفائنری میں بھی تیل کا وسیع اسٹاک موجود ہے جس کے سبب امکان ہے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر نمایاں کمی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسمگل ہونے والے پیٹرول نے مارکیٹ کوتباہ کردیا ہے، 60سی70 فیصد اسمگل پیٹرول ملک میں آرہا ہے اور گلی گلی یہ اسمگل پیٹرول آزادانہ فروخت ہورہا ہے جبکہ ریفائنریوں میں جو پیٹرول ریفائن ہو رہا ہے اس کی فروخت میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے ریفائنری کو پیداوار روکنی پڑ گئی ہے ۔ملک خدا بخش نے کہا کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان مسلسل حکومتی نمائندوں سے ملکراسمگل پیٹرول سے متاثر ہونے والی مارکیٹ کے بارے میں آگاہ کررہے ہیں لیکن پیٹرول کی اسمگلنگ روکنے کیلئے موثر اقدامات نہیں کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ درآمدی پیٹرول کی فروخت میں کمی سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس وافر اسٹاک جمع ہوگیا ہے جبکہ دوسری جانب پیٹرول کی اسمگلنگ نہ رکنے سے حکومت اپنے ٹیکسز میں نقصان اٹھارہی ہے، اسمگل پیٹرول کی ناقص کوالٹی سے گاڑیاں بھی خراب ہورہی ہیں۔