میزان بینک نے میزان ایکسچینج کا آغاز کردیا

میزان ایکسچینج کمپنی لمیٹڈ تمام صارفین کوترسیلاتِ زراور غیر ملکی کرنسی ایکسچینج کی خدمات فراہم کرے گی

پیر 27 مئی 2024 16:46

میزان بینک نے میزان ایکسچینج کا آغاز کردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2024ء) پاکستان کے ممتاز اسلامی بینک میزان بینک نے کراچی اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی میزان ایکسچینج کمپنی لمیٹڈ کے آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔میزان ایکسچینج کمپنی لمیٹڈ تمام صارفین کوترسیلاتِ زراور غیر ملکی کرنسی ایکسچینج کی خدمات فراہم کرے گی۔ ابتدائی طورپر میزان ایکسچینج پہلے مہینے کے اندر ملک بھر میں 10آئوٹ لیٹس قائم کرے گی اورتیز رفتار منصوبے کے ساتھ ایک سال کے اندر50آئوٹ لیٹس قائم کیے جائیں گے۔

میزان بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی اور میزان ایکسچینج کے بورڈ چیئرمین ضیا ء الحسن نے ٹریڈ ٹاور کراچی میں میزان ایکسچینج کی پہلی برانچ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میزان ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل سروراور سینئر مینجمنٹ بھی موجودتھی۔

(جاری ہے)

میزان ایکسچینج کا آغاز اسٹیٹ بینک کی ایکسچینج سیکٹر میں اسٹرکچرل اصلاحات کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک میں لائسنس یافتہ مقامی فاریکس پاور ہائوسز قائم کرنے ہیں۔

میزان ایکسچینج کمپنی ملکی کرنسی اسکیم کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں میں ایک اچھا اضافہ ہے اور میزان ایکسچینج صارفین کو بہترین کرنسی ایکسچینج ریٹس اور شفافیت کے ساتھ تیز رفتار خدمات اور بہترین کسٹمر سروسز فراہم کرے گی۔اس موقع پر عرفان صدیقی نے کہاکہ میزان ایکسچینج کا آغاز بغیر کسی رکاوٹ کے مالیاتی سلوشن فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی ہے ۔ ہم شریعہ کمپلائنس ،دیانت داری اور سروس ایکسلینس کی اپنی بنیادی اقدار پر مبنی بہترین مالیاتی سلوشنزکے راستے پر گامزن ہیں۔ میزان ایکسچینج اپنے کارپوریٹ اور انفرادی صارفین کو آئوٹ کلاس ترسیلاتِ زراور ملٹی کرنسی ایکسچینج خدمات فراہم کرنے میں تیز رفتار پیش رفت کا ثبوت ہے۔