oگندم سکینڈل کی نیب سے تحقیقات کرانے کیلئے درخواست دائر

پیر 13 مئی 2024 20:25

cلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2024ء) لاہور ہائیکورٹ، گندم سکینڈل کی نیب سے تحقیقات کرانے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں ندیم سرور ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے پہلے دو ماہ میں 7.78 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی، حکومتی سطح پر بنائی گئی کمیٹی شفاف تحقیقات نہیں کر سکتی، حکومت خود گندم سکینڈل کا حصہ ہے، میرٹ پر تحقیقات ممکن نہیں ہے، نیب کو گندم کے میگا سکینڈل کی تحقیقات کے لیے درخواست دی مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی، استدعا ہے کہ نیب کو گندم کے میگا سیکنڈل کی تحقیقات کا حکم دیا جائے، گندم سکینڈل کے محرکات کا تعین کر کے رقم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔

(جاری ہے)

درخواست میں وزیراعظم بذریعہ پرنسپل سیکرٹری، سابق نگران وزیراعظم، نیب اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔