کراچی، پرانے کپڑوں کے گودام میں خوفناک آتشزدگی، لاکھوں کا سامان جل گیا

پیر 13 مئی 2024 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) شہر قائد کراچی میں پرانے کپڑوں کے گودام میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا سامان جل کر راکھ میں تبدیل ہو گیا۔کراچی کے علاقے سعید آباد جنگل اسکول کے قریب پرانے کپڑوں کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

گودام میں کپڑا موجود ہونے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا، آگ اس قدر شدید تھی کی دور دور تک شعلے دکھائی دیئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔آتشزدگی کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں تاہم واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔