کویت میں بین الاقوامی ڈونر کانفرنس میں غزہ کے لیے 2 ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد کا وعدہ

فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کرکے تمام مغویوں کی غیر مشروط رہائی اور انسانی امداد میں فوری اضافہ کیا جائے. سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 13 مئی 2024 23:28

کویت میں بین الاقوامی ڈونر کانفرنس میں غزہ کے لیے 2 ارب ڈالر سے زیادہ ..
کویت سٹی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13مئی۔2024 ) کویت میں بین الاقوامی عطیہ دہندگان کی ایک کانفرنس میں غزہ کے لیے 2 ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد کا وعدہ کیا گیا جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے اسرائیل اور حماس کی جنگ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے. انٹرنیشنل اسلامی مدادی تنظیم (آئی آئی سی او) اور اقوام متحدہ کے انسانی رابطہ کاری کے ادارے او سی ایچ اے کے زیراہتمام ہونے والی کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ فنڈز دو سالوں میں تقسیم کیے جائیں گے اور اس مدت میں توسیع کا امکان ہو گا.

(جاری ہے)

آئی آئی سی او کے جنرل منیجر بدر سعود الصمیط نے کہا کہ اس اقدام کو غزہ کی پٹی میں زندگی بچانے والی انسانی مداخلتوں میں مدد کے لیے کوششوں کو متحرک کرنے اور آبادی کی جلد بحالی کے امکانات کو سہارا دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے الصمیط نے کانفرنس سے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ اس کا اطلاق پانچ مختلف امور پر کیا جائے گا جن میں زندگیاں بچانے والی کوششیں، پناہ گاہ، صحت، تعلیم، اور متاثرین کواقتصادی طور پر بااختیار بنانا شامل ہیں.

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے جنگ کو فوری طور پر روکنے‘ غزہ میں قید یرغمالیوں کی واپسی اور محصور فلسطینی علاقے میں انسانی امداد میں اضافے پر زور دیا عرب نشریاتی ادارے کے مطابق انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں اپنے مطالبے کو اور دنیا کے مطالبے کو دہراتا ہوں کہ فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی، تمام مغویوں کی غیر مشروط رہائی اور انسانی امداد میں فوری اضافہ کیا جائے.

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی صرف ابتدا ہوگی اس جنگ کی تباہی اور صدمے سے واپسی کے لیے ایک طویل راستہ طے کرنا ہو گا غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں جبکہ شہر کے مشرقی علاقوں میں اسرائیل کی فوجی مداخلت پر بین الاقوامی مخالفت کے باوجود تل ابیب نے رفح کے لیے انخلاءکے حکم میں توسیع کی جس سے ایک اہم امدادی گذرگاہ موثر طور پر بند ہو گئی. سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ غزہ میں جنگ خوفناک انسانی مصائب، زندگیوں کی تباہی اور خاندانوں کو جدا کر دینے کا سبب بن رہی ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کو بے گھر، بھوکا اور صدمے کا شکار بنا رہی ہے امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الصباح سے ملاقات میں اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے اقوامِ متحدہ اور بالخصوص غزہ میں ہلاک شدہ اقوامِ متحدہ کے تقریباً 200 اراکین کی جانب سے اعزازی شیلڈ قبول کی انتونیو گوتیرس نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے رفح میں مکمل زمینی کارروائی شروع کی تو غزہ کو بہت بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے.