غزہ میں یو این سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت تحقیقات کا مطالبہ

یو این منگل 14 مئی 2024 00:45

غزہ میں یو این سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 14 مئی 2024ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے غزہ میں ادارے کی گاڑی پر حملے اور عملے کے رکن کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور تمام یرغمالیوں کی رہائی پر زور دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، حملے کا نشانہ بننے والی اقوام متحدہ کی گاڑی رفح کے یورپی ہسپتال کی جانب جا رہی تھی۔

سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق سکیورٹی کے شعبے سے تھا۔

Tweet URL

یہ غزہ کی جنگ میں اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں کے علاوہ اس کے عملے کے کسی رکن کی پہلی ہلاکت ہے۔

(جاری ہے)

نائب ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

فرحان حق کے مطابق، سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ غزہ کی جنگ میں ناصرف شہریوں بلکہ امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ہلاک ہو رہی ہے۔ مزید انسانی نقصان سے بچنے اور لوگوں کی تکالیف میں کمی لانے کے لیے فوری جنگ بندی ناگزیر ہے۔

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا) نے بتایا ہے کہ سوموار کو اس کا ایک اور کارکن اسرائیل کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔

اس کارکن کی عمر 53 برس تھی اور وہ رفح سے نقل مکانی کے بعد وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں اسرائیل کے حملے کا نشانہ بنا۔

اس واقعے کے بعد سات ماہ کے دوران غزہ میں ہلاک ہونے والے اس کے عملے کے ارکان کی مجموعی تعداد 189 ہو گئی ہے۔