ہم خاموش ہیں ہماری 30 جون تک بریک ہے،شیخ رشید

ہم سمجھتے ہیں ان کو صحیح مشورہ دیں کہ کشمیریوں کو چھوڑ دیں، بھارت اس کا خوب فائدہ اٹھا رہا ہے،یکم مئی سے 20 جون حکومت کیلئے اہم ہیں،میڈیاسے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 14 مئی 2024 10:30

ہم خاموش ہیں ہماری 30 جون تک بریک ہے،شیخ رشید
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 مئی 2024) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہم خاموش ہیں ہماری 30 جون تک بریک ہے، بریک میں ہم سمجھتے ہیں ان کو صحیح مشورہ دیں کہ جن کو گرفتار کیا گیا ہے ان کشمیریوں کو چھوڑ دیں، بھارت اس کا خوب فائدہ اٹھا رہا ہے،یکم مئی سے 20 جون حکومت کیلئے اہم ہیں، کشمیر میں جو ہوا اس سے کشمیریوں کو بہت دکھ پہنچا ہے ۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کا کیس لڑ رہے تھے اور ہمیں اپنا کیس لڑنا پڑ گیا۔ کل جو لوگ راولپنڈی سے گرفتار کئے گئے میری درخواست ہے ان کو چھوڑ دیا جائے۔بھارت ایسے واقعات کا خوب فائدہ اٹھا رہا ہے۔کشمیریوں کے شہید اور زخمی ہونے کے واقعات کا بھارتی میڈیا فائدہ اٹھا رہا ہے، کشمیر اور انڈیا سے ملنے والی سرحد اور کشیدہ ہو جائے گی حکومت کونوٹس لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

رات جو کشمیریوں کو گھروں سے پکڑا گیا یہ بڑی زیادتی ہے حالت ان کی یہ ہے کہ کھاریاں میں یہ خواجہ سراوں سے مار کھاتے ہیں۔ میں باہر گیا تھا تو ساری دنیا میں ان خواجہ سراوں کا چرچا ہے ہمارے تو یہ گھروں میں داخل ہوئے تھے اور پیسے، زیور اور بچے لے گئے۔ جن لوگوں نے غیر قانونی اقدام اٹھایا ہے حکومت کو اس کا بھی فوری نوٹس لینا چاہیے۔ 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں مجھے بلایا گیا تو مجھے ضرور جاوں گا۔

نیب ٹیم نے ہائی کورٹ راولپنڈی میں یہ بیان دیا کہ شیخ رشید ہمیں مطلوب نہیں۔شیخ رشید کا گفتگو کے دوران مزید کہنا تھا کہ آئندہ 2 ماہ ملکی معیشت اور سیاست کیلئے بہت اہم ہیں۔پہلے صنعت کار پریشان تھے اب کاشتکار بھی رو رہا ہے۔ اب تک گندم کی خریداری شروع ہی نہیں ہوئی۔حکومت کسانوں کی داد رسی کرے او ر گندم کی خریداری فوری شروع کرے۔حکومت کو اپنی پالیسیوں پر غورکرنا ہوگا۔