ممبئی: ہورڈنگ گرنے سے 14 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

DW ڈی ڈبلیو منگل 14 مئی 2024 10:40

ممبئی: ہورڈنگ گرنے سے 14 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 14 مئی 2024ء) بھارت کے صنعتی شہر ممبئی میں پیر کی شام کو پہلے گرد و غبار کے ساتھ تیز طوفان آیا اور پھر شدید بارش ہوئی، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے، مچان اور درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ عوام کو پہلے سے اس طرح کے موسم کا کوئی اندازہ نہیں تھا، جس سے شہر میں افراتفری پھیل گئی۔

بھارت: کچی آبادی کی بحالی کے منصوبے کے خلاف مظاہرہ

بل بورڈ گرنے کا واقعہ پنت نگر میں ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے کے پاس واقع ایک پٹرول پمپ پر پیش آیا اور اس سے متعلق ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس کی وجہ سے کئی کاریں اس بل بورڈ کے نیچے پھنس گئیں۔

پاکستان: ممبئی حملوں سے منسلک عسکریت پسند کو سزا

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپونس فورس (این ڈی آر ایف) کے ایک انسپکٹر گورو چوہان کے مطابق آٹھ لاشوں کو ملبے سے پہلے ہی نکالا گیا تھا، جبکہ باقی کا پتہ لگا لیا گیا ہے، تاہم ابھی تک انہیں نکالا نہیں گیا۔

(جاری ہے)

ممبئی کی مساجد لاؤڈ اسپیکرز کی آواز کم کرنے پر مجبور

ان کا کہنا تھا کہ ''ہم نے انہیں تلاش کر لیا ہے لیکن اس پٹرول پمپ کی وجہ سے ہم انہیں وہاں سے ہٹا نہیں سکتے، کیونکہ اس سے صورتحال مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔

''

بھارت پر ایک اور سمندری طوفان کا خطرہ

ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے اس حوالے سے سوشل میڈیا ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ زخمیوں کا ہسپتال میں علاج چل رہا ہے، جبکہ اس کی تفتیش کا حکم دیا گیا ہے۔

دیر رات تک بل بورڈ کے نیچے پھنسے ہوئے زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش جاری رہی۔ مذکورہ بل بورڈ تقریباً 70 میٹر لمبا اور 50 میٹر چوڑا بتایا گیا ہے، اور حکام نے بل بورڈ لگانے والی کمپنی کے خلاف نوٹس جاری کیا ہے۔

پروازیں متاثر ہوئیں

خراب موسم اور گرد و غبار کے طوفان کی وجہ سے ممبئی ایئرپورٹ پر تقریباً ایک گھنٹے تک فلائٹ آپریشن کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 فلائٹس کو دوسرے شہروں کی جانب موڑنا پڑا۔

بہتوں سے درختوں کے اکھڑنے کے ساتھ ہی، کھمبوں کے گرنے سے شہر کے کچھ حصوں میں بجلی بھی کافی دیر تک غائب رہی، جس کی وجہ سے شہر کا ٹرین نیٹ ورک بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔

بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق ابھی بھی بعض علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

بھارت میں مونسون کا آغاز

بھارت میں جون اور ستمبر کے درمیان مونسون کے موسم کے دوران شدید بارشیں ہونے کے ساتھ ہی بھیانک سیلاب بھی آتے ہیں۔

یہ بارشیں فصلوں کے لیے بہت اہم ہوتی ہیں، لیکن بہت سے علاقوں میں اکثر بڑے پیمانے پر نقصان کی وجہ بھی بنتی ہیں۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، اے پی)