گندم کو بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرتے وقت ان میں نیم کے پتے ضرور رکھیں ،محکمہ زراعت

منگل 14 مئی 2024 14:13

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) محکمہ زراعت نے گندم ذخیرہ کرتے وقت اسے حشرات الارض اور ممکنہ بیماریوں کے خدشات سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو افراد گندم کو بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرتے وقت ان میں نیم کے پتے ضرور رکھیں تاکہ گندم کو حشرات الارض اورممکنہ بیماریوں کے خدشات سے بچاناممکن ہوسکے۔

(جاری ہے)

زراعت آفیسر (ٹیکنیکل )سیالکوٹ زاہد اقبال نے”اے پی پی“کوبتایا کہ گندم کو محفوظ کرنا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس کیلئے کاشتکاروں، کسانوں اور عام افرادکوخصوصی راہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عام طورپر کاشتکار اور بڑی تعدادمیں گھریلو افرادسال بھرکی گندم لے کر گھروں یا ڈیروں پربھڑولوں اوربوریوں میں ذخیرہ کرلیتے ہیں لیکن اکثر اوقات یہ گندم حفاظتی تدابیرپرعملدرآمد نہ ہونے سے خراب ہونا شروع ہوجاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دیہاتوں میں کسان کھانے اور بیج کیلئے اناج تقریباً ایک ہی جگہ ذخیرہ کرلیتے ہیں اور اس مقصد کیلئے وہ پٹ سن کی بوریوں میں اناج بھرکر گھرکے کمروں میں اینٹوں کے اوپر یالکڑی کے تختوں پر رکھ دیتے ہیں اسی طرح بعض افرادصحن میں رکھے گارے یا لوہے کے بھڑولوں میں بھی اناج ذخیرہ کرتے ہیں۔