باغبانوں کوانار کے پودوں کو سکیلز اور سفیدمکھی کے حملے سے بچانے کے لئے حفاظتی اقدامات کامشورہ

منگل 14 مئی 2024 14:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) انار کا پھل کاشت کرنیوالے باغبانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم گرما کی شدت کے باعث انار کے پودوں کو سکیلز اور سفید مکھی کے حملہ سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی اور تدارکی اقدامات کریں ۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ماہرین اثمارنے بتایا کہ ماہرین زراعت سمیت محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف اور پیسٹ سکاؤٹنگ وارننگ کے عملہ کی مشاورت سے مناسب زہروں کا استعمال بھی یقینی بنائیں تاکہ انار کے پودوں اور پھل کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انار کے پھل کوضرر رساں کیڑوں سے محفوظ رکھنا اشدضروری ہے کیونکہ موسم گرما کی شدت کے ساتھ ہی انار کے پودوں پر انار کی تتلی، سکیلز، سفید مکھی، پھل کی مکھی اور دیگر ضررر ساں کیڑوں کے حملہ کا شدید خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیڑے رس چوس کر فصل کوکمزور کرتے ہیں جس سے انارکا پھل گرنا شروع ہوجاتاہے۔انہوں نے کہا کہ باغبان پودوں کی دیکھ بھال سے غفلت نہ برتیں اور جونہی کوئی پھل متاثر ہوتا ہو انظر آئے تو اسے شاخ سے الگ کر کے زمین میں دبا دینا چا ہیے تاکہ وہ دیگر پودو ں اور پھلوں کو نقصان نہ پہنچا سکے۔

متعلقہ عنوان :