زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر کے فوڈ سکیورٹی کےساتھ ساتھ غربت میں کمی لائی جاسکتی ہے، ڈاکٹر اقرار احمد خان

منگل 14 مئی 2024 14:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کو غذائی خود کفالت اور درآمدات میں کمی کیلئے قابل عمل اور زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے تحقیقی منصوبے تیار کرنا ہوں گے تاکہ زراعت کو درپیش مسائل کا مقامی حل تلاش کیا جا سکے۔یونیورسٹی فیکلٹی سٹاف سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ زراعت کو پانی کی کمی، کم پیداواری صلاحیت، مارکیٹ کے مسائل، ماحولیاتی تغیرات،تصدیق شدہ بیج کی عدم فراہمی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زراعت کو سائنسی پیداواریت کی معراج تک پہنچانے کیلئے نئی اختراعات اور جدت کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے سائنسدان اپنے منصوبے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریپڈٹیکنالوجی ٹرانسفر گرانٹ میں پیش کریں تاکہ ان کی تحقیقات کو ملکی سطح پر پہنچا کر زرعی ترقی کی نئی راہیں مرتب کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر کے ہی فوڈ سکیورٹی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے ساتھ ساتھ غربت میں کمی واقع ہوگی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اورک، کئی ڈینز، ڈائریکٹرز، پروفیسرز اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :