Live Updates

اڈیالہ جیل کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے موک ایکسرسائزاور سرچ آپریشنز

سینئر افسران کی نگرانی میں جیل کے اطراف سرچ آپریشن کیا گیا، راولپنڈی پولیس، ایلیٹ فورس،1122،بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 14 مئی 2024 13:21

اڈیالہ جیل کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے موک ایکسرسائزاور سرچ آپریشنز
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 مئی 2024) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے موک ایکسر سائز اور سرچ آپریشنز کئے گئے، سینئر افسران کی نگرانی میں جیل کے اطراف سرچ آپریشن بھی کیا گیا،موک ایکسرسائز میں راولپنڈی پولیس، ایلیٹ فورس،1122،بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موک ایکسرسائزاور سرچ آپریشنز کا مقصد کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں اداروں کے فوری رسپانس کاجائزہ لینا ہے۔

موک ایکسرسائز میں آپریشن صورتحال میں مشترکہ آپریشنل کی فرضی مشقیں کی گئیں جبکہ جیل کے اطراف اور نواحی علاقوں میں سرچ آپریشنز کئے گئے۔فول پروف سیکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں۔ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ فول پروف سیکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری پنجاب پولیس کے بنیادی اصولوں میں سے ایک ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزراولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر3 دن کیلئے پابندی عائدکر دی گئی تھی۔پابندی کا اطلاق گزشتہ روز سے 15 مئی کی رات 12 بجے تک کیاگیا تھا۔قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی کا اطلاق آئی جی جیل خانہ جات کے فیصلے کے بعد کیا گیاتھا۔ جیل انتظامیہ کو جیل کے اطراف میں سرچنگ اور سرچ آپریشن کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں تھیں۔

اس حوالے سے جیل حکام کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیاتھا۔جیل ذرائع کا کہنا تھاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے جیل کے اندر ہنگامی مشقیں کرانے کی ہدایات بھی کی گئیں تھیں۔یاد رہے کہ س سے قبل بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ محکمہ داخلہ پنجاب نے کیاتھا ۔پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر بھی پابندی لگادی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات