Live Updates

تحریک انصاف اور عمران خان مائنس نہیں ہوں گے، حافظ حمداللہ

مجھے لگتا ہے بانی پی ٹی آئی سے بات بنی ہوئی ہے، ان کو ملنے والے مثبت اشاروں کے نتائج آنے میں وقت لگے گا، میری اطلاع ہے نواز، شہباز اور پی پی قیادت کو پی ٹی آئی معاملے کا علم ہے۔ رہنماء جے یو آئی ف کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 14 مئی 2024 14:55

تحریک انصاف اور عمران خان مائنس نہیں ہوں گے، حافظ حمداللہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2024ء ) جمعیت علماء اسلام ف کے رہنماء حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عمران خان مائنس نہیں ہوں گے، بانی پی ٹی آئی مائنس ہوتے تو پھر درجن مقدمات والے علی امین وزیراعلیٰ نہ بنتے۔ اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے لیے کام ہو رہا ہے، الیکشن سے پہلے پی ٹی آئی اس طرح نہیں بولتی تھی جس طرح اب بول رہی ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی کے لیے کچھ نہ کچھ نرم گوشے اور مثبت اشارے ہیں، پی ٹی آئی کو ملنے والے مثبت اشاروں کے نتائج سامنے آنے میں وقت لگے گا، مجھے لگتا ہے عمران خان سے بات بنی ہوئی ہے کیوں کہ اگر بانی پی ٹی آئی مائنس ہوتے تو پھر درجن مقدمات والے علی امین وزیراعلیٰ نہ بنتے۔

(جاری ہے)

حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ میری اطلاع ہے نواز، شہباز اور پی پی قیادت کو پی ٹی آئی معاملے کا علم ہے، پی پی کو اسی لیے حکومت میں لانے کی کوشش ہورہی ہے تاکہ اکٹھے جنگ لڑیں، پی ڈی ایم میں ن لیگ سے واسطہ پڑا اس لیے ان کو اچھی طرح جانتا ہوں، ن لیگ والے مجبور ہوں تو پیر پکڑتے ہیں اور منزل پر پہنچ کر ان میں سریا اور گاڈر آجاتا ہے، کچھ دنوں بعد نواز شریف جو بیانیہ بنائیں گے تو معلوم ہوگا مولانا فضل الرحمان سے ان کی کیا بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف ایک ٹکٹ میں دو مزے لیں گے، جس میں خود مزاحمت اور بھائی مفاہمت سے حکومت کرے گا، لیکن لوگ سمجھ گئے ہیں اسی لیے اب ن لیگ اس طرح قوم کا اعتماد نہیں لے سکتی، اسی طرح مسلم لیگ ن اب مولانا فضل الرحمان کو بھی کیسے منائے گی؟ کیوں کہ امیر جے یوآئی ف کرسی کے لیے سمجھوتہ نہیں کریں گے، اس لیے مولانا فضل الرحمان اپوزیشن ہی میں رہیں گے۔

زیر گردش گندم سکینڈل پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ حمداللہ نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ گندم امپورٹ جیسے بڑے سکینڈل طاقتور اور با اثر لوگ کرتے ہیں، یہ معاملہ جب میڈیا پر آیا تو ہمیں اندازہ ہوا گندم امپورٹ میں کیا کچھ ہوا ہے، جس میں ایک ہیرے نے گندم منگوائی اور دوسرے نے اس سکینڈل پر کمیٹی بنادی اور کسی بھی بڑے سکینڈل پر کمیشن یا کمیٹی بننے کا مطلب ’مٹی پاؤ‘ ہوتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات