بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، احسن اقبال کی زیرصدارت بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے اجلاس

منگل 14 مئی 2024 16:11

بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، احسن اقبال کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی و خصوصی اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، پاور ڈویژن اور صوبائی حکومت بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے اور اس پر عمل درآمد کے لیے جامع روڈ میپ اور حکمت عملی مرتب کر کے جلد پیش کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر سمندری امور قیصر احمد شیخ اور سیکرٹری پاور سمیت وفاق اور صوبہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر احسن اقبال نے بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل میں تیزی لانے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، پاور ڈویژن اور صوبائی حکومت بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے اور اس پر عمل درآمد کے لیے جامع روڈ میپ اور حکمت عملی مرتب کر کے جلد پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں بجلی چوری کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے، آگاہی مہم کے ذریعے یہ بات سمجھائی جائے کہ بلوں کی ادائیگی کرنے والوں کے ساتھ کوئی نا انصافی نہیں کی جا سکتی، بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی بجلی کی پیداوار اور ترسیل میں تعطل کا باعث بنتے ہیں، بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی لوڈ شیڈنگ کا بڑا سبب ہیں، بجلی چوروں کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں بجلی کی قلت کی وجہ سے کسانوں کو زراعت اور کھیتی باڑی کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بجلی کی ترسیل اور فراہمی میں بہتری لانا زراعت کے شعبے کے لیے ناگزیر ہے، نا کافی بجلی اور لوڈ شیڈنگ سے زراعت کے شعبے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے متبادل ذرائع اختیار کرنا صوبے کے عوام کی سب سے اہم ضرورت ہے، شمسی توانائی کا حصول اور سولر ٹیوب ویل زراعت کے شعبے میں بہتری لا سکتے ہیں، بجلی کی چوری روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بجلی چوری کو روکنے کے لیے اقدامات یقینی بنائے گی۔