سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق سے گورنر بلوچستان کی ملاقات

منگل 14 مئی 2024 18:34

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق سے گورنر بلوچستان کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے منگل کو ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے شیخ جعفر خان مندوخیل کو گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، پارلیمان بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لئے کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شیخ جعفر خان مندوخیل کا بطور گورنر بلوچستان تقرر صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خوش آئند ہے ، پر امید ہوں کہ گورنر بلوچستان وفاق اور صوبے کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنا آئینی کردار بہترین طریقے سے ادا کریں گے۔ گورنر بلوچستان نے ان کے لئے نیک خواہشات پر سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے ایوان کی کارروائی غیر جانبدارنہ انداز سے چلانے پر سپیکر کے کردار کو سراہا ۔دونوں رہنماؤں نے ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔