Live Updates

پی ٹی آئی اور عمران خان مائنس نہیں ہوں گے ،حافظ حمد اللہ

وہ اگر مائنس ہوتے تو علی امین گنڈا پور کبھی وزیراعلیٰ نہ بنتے،رہنما جے یو آئی (ف) میری اطلاع ہے نواز، شہباز اور پی پی قیادت کو پی ٹی آئی معاملے کا علم ہے،انٹرویو

منگل 14 مئی 2024 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) جمعیت علماء اسلام ف کے رہنماء حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عمران خان مائنس نہیں ہوں گے، بانی پی ٹی آئی مائنس ہوتے تو پھر درجن مقدمات والے علی امین وزیراعلیٰ نہ بنتے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ مد اللہ نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے لیے کام ہو رہا ہے، الیکشن سے پہلے پی ٹی آئی اس طرح نہیں بولتی تھی جس طرح اب بول رہی ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی کے لیے کچھ نہ کچھ نرم گوشے اور مثبت اشارے ہیں، پی ٹی آئی کو ملنے والے مثبت اشاروں کے نتائج سامنے آنے میں وقت لگے گا، مجھے لگتا ہے عمران خان سے بات بنی ہوئی ہے کیوں کہ اگر بانی پی ٹی آئی مائنس ہوتے تو پھر درجن مقدمات والے علی امین وزیراعلیٰ نہ بنتے۔

(جاری ہے)

حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ میری اطلاع ہے نواز، شہباز اور پی پی قیادت کو پی ٹی آئی معاملے کا علم ہے، پی پی کو اسی لیے حکومت میں لانے کی کوشش ہورہی ہے تاکہ اکٹھے جنگ لڑیں، پی ڈی ایم میں ن لیگ سے واسطہ پڑا اس لیے ان کو اچھی طرح جانتا ہوں، کچھ دنوں بعد نواز شریف جو بیانیہ بنائیں گے تو معلوم ہوگا مولانا فضل الرحمان سے ان کی کیا بات ہوئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف ایک ٹکٹ میں دو مزے لیں گے، جس میں خود مزاحمت اور بھائی مفاہمت سے حکومت کرے گا، لیکن لوگ سمجھ گئے ہیں اسی لیے اب ن لیگ اس طرح قوم کا اعتماد نہیں لے سکتی، اسی طرح مسلم لیگ ن اب مولانا فضل الرحمان کو بھی کیسے منائے گی کیوں کہ امیر جے یوآئی ف کرسی کے لیے سمجھوتہ نہیں کریں گے، اس لیے مولانا فضل الرحمان اپوزیشن ہی میں رہیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ حمداللہ نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ گندم امپورٹ جیسے بڑے سکینڈل طاقتور اور با اثر لوگ کرتے ہیں، یہ معاملہ جب میڈیا پر آیا تو ہمیں اندازہ ہوا گندم امپورٹ میں کیا کچھ ہوا ہے، جس میں ایک ہیرے نے گندم منگوائی اور دوسرے نے اس سکینڈل پر کمیٹی بنادی اور کسی بھی بڑے سکینڈل پر کمیشن یا کمیٹی بننے کا مطلب ’مٹی پاؤ‘ ہوتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات