بجٹ میں کابینہ ممبران کے پٹرول اخراجات میں کٹوتی کی تجویز

کابینہ ارکان کی جانب سے تقریباً 20 سے 53 لاکھ روپے کا ماہانہ پٹرول خرچ

منگل 14 مئی 2024 22:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) آئندہ بجٹ میں کابینہ ممبران کے پٹرول اخراجات میں کٹوتی کی تجویز دے دی گئی۔ کابینہ ارکان کو 1500 سی سی گاڑیوں پر 350 لٹر ماہانہ پٹرول کی اجازت ہے، کابینہ ممبران کو لگڑری گاڑیوں پر 900 لٹر ماہانہ پٹرول کی سہولت حاصل ہے، 1500 سی سی کی چھوٹی گاڑی کے لیے ماہانہ پٹرول پرایک وزیر تقریباً 98 ہزار روپے خرچ کرتا ہے اور بڑی گاڑیاں استعمال کرنے والے وزیروں اور مشیروں کی جانب سے ماہانہ تقریباً 2 لاکھ 52 ہزار روپے پٹرول کی مد میں خرچ کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس وقت حکومت میں شامل وفاقی وزراء، وزرائے مملکت، معاونین خصوصی اور مشیران کی تعداد 21 ہے اور کابینہ ارکان کی جانب سے تقریباً 20 سے 53 لاکھ روپے کا ماہانہ پٹرول خرچ کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں کابینہ ممبران کے پٹرول اخراجات میں کٹوتی پر غور شروع کردیا ہے کیوں کہ بجٹ 2024/25ء میں کفایت شعاری مہم کا آغاز کابینہ سے شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ آئی ایم ایف نے بھی حکومت سے اپنے اخراجات میں کمی لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔