بانی پی ٹی آئی ملک کی تباہی کے ایجنڈے پر کاربند ہے،پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی سازش ہے، چودھری رفعت جاوید

منگل 14 مئی 2024 22:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے سنیئررہنما و سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد چودھری رفعت جاوید نے جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی ملک کی تباہی کے ایجنڈے پر کاربند ہے،دھرنے احتجاج اور دوست ممالک پر الزام تراشی ملک کو معاشی تنزلی کا شکار اور عالمی سطح پر تنہا کرنے کی سازش ہے، ملکی سالمیت کے اداروں پر حملے بیرونی آقائوں کی خواہش پر کئے گئے جس سے پی ٹی آئی کا ایجنڈا پوری قوم پر واضح ہوچکا ہے اب عوام کو ورغلانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی،قوم ملکی استحکام اور معیشت کی بحالی چاہتی ہے جس کیلئے موجودہ حکومت بھرپور جدوجہد کررہی ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملکی ترقی راہ میں روڑے اٹکائے،لندن ہنگاموں اور کانگریس حملے کے ملزمان سزا پا چکے مگر پاکستان کے قومی و ریاستی اداروں کی املاک پر حملہ آور ہونے والوں کو ایک سال گزر جانے کے بعد بھی کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا، مسلم لیگ(ن) سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی مگر سیاسی لبادہ اوڑھ کر ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو کڑا محاسبہ ناگزیر ہے جس کی ہم بار بار مطالبہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما چودھری رفعت جاوید نے مزید کہاکہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے ضروری ہے کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں کے خلاف درج مقدمات کے فیصلے جلدسنا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں، حکومت مخالف پراپیگنڈا کرنے والوں کو ملکی ترقی و عوامی خوشحالی ہضم نہیں ہورہی ہے، وفاق اور پنجاب میں حکومت کسانوں سمیت تمام شعبوں سے وابستہ افراد کو ریلیف کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے،گندم کی خریداری کا شفاف میکنزم مرتب کیاگیا ہے اور نگران حکومت کے دور میں امپورٹ کی جانے والی گندم کی بھی تحقیقات جاری ہیں جو جلد سامنے آ جائیں گی،شفافیت مسلم لیگ(ن) کی ہمیشہ سے اولین ترجیح ہے، میرٹ کے فروغ کیلئے پارٹی نے اپنے ہردور اقتدارمیں موثر کردار اداکیا۔