احسن اقبال سے پاکستان میں قزاخستان کے سفیر کی ملاقات

دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال پاکستان اپنے 10، 15 بہترین ٹور آپریٹرز کو نامزد کریگا،انہیں سیاحت کیلئے قزاخستان کے عوام سے منسلک کریگا،وفاقی وزیر

منگل 14 مئی 2024 22:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے پاکستان میں قزاخستان کے سفیر یرژان کستافین نے ملاقات کی۔تفصیلا ت کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاحت اور کھیل دو ملکوں کے باہمی تعلقات جوڑنے کے لئے دو مضبوط ترین محرک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے 10، 15 بہترین ٹور آپریٹرز کو نامزد کرے گا اور انہیں سیاحت کے لئے قزاخستان کے عوام سے منسلک کرے گا، پاکستان وسطی ایشیا اور افغانستان کے درمیان ریلوے رابطے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔قزاخستان کے سفیر نے کہا کہ 23اور 24مئی کو قزاخستان الماتی شہر میں کھیلوں کی سیاحت کا جشن منائے گا، پاکستان اور قزاخستان میں چیس فیڈریشنز کے درمیان تعاون کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام بڑی پاکستانی لاجسٹک کمپنیاں قزاخستان کا دورہ کر چکی ہیں اور قزاخستان میں دفاتر قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں، گزشتہ سال لاہور اور الماتی کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کی گئی تھیں جن کا دورانیہ صرف دو گھنٹے ہے۔انہوں نے کہاکہ چار پاکستانی یونیورسٹیاں نمل، نسٹ، پنجاب یونیورسٹی اور قائداعظم یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ کیا کہ وہ اپنے طلبا اور فیکلٹی کو اس سال قزاخستان کے دورے کے لئے بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ دو اہم ٹرانزٹ روٹس زیر تعمیر ہیں، پہلا کوریڈور مغربی چین کو یورپ سے ملانے جبکہ دوسرا وسط ایشیا میں قزاخستان کو پاکستان سے ملانے کے لئے ہے۔