Live Updates

خواجہ آصف کو میرے دادا کے بھائی کی سفارش پر بینک میں نوکری ملی تھی

خواجہ آصف صاحب ریحانہ ڈار صاحبہ سے شکست کھانے کے بعد بوکھلائے ہوئے ہیں، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کا وزیر دفاع کو جواب

muhammad ali محمد علی بدھ 15 مئی 2024 00:41

خواجہ آصف کو میرے دادا کے بھائی کی سفارش پر بینک میں نوکری ملی تھی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2024ء) عمر ایوب خان نے انکشاف کیا ہے کہ خواجہ آصف کو ان کے دادا کے بھائی کی سفارش پر بینک میں نوکری ملی تھی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے ایوب خان کی لاش کو قبر سے نکال کر پھانسی دینے کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے گزشتہ روز میرے دادا اور میرے خاندان کا نام لے کر غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کیے۔

خواجہ آصف نے شاید تاریخ درست طریقے سے نہیں پڑھی اس لیے کچھ درستی کرنا چاہتا ہوں۔ انہیں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ میرے دادا کے بھائی کی سفارش پر ہی انہیں بینک میں نوکری ملی تھی۔ عمر ایوب نے کہا کہ ان کے اطراف میں بیٹھے افراد مختلف جماعتوں میں شامل رہے ہیں جو اب مسلم لیگ ن کا حصہ ہیں جب کہ خواجہ آصف صاحب ریحانہ ڈار صاحبہ سے شکست کھانے کے بعد بوکھلائے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے منگل کے روز قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ روز جس طرح خواجہ آصف نے اسپیکر کے ساتھ بات کی ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، خواجہ آصف 80 سال کے بزرگ اور سینئر پارلیمنٹیرین ہیں لہذا انہیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے اورانہیں برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا توشہ خان کیس سے دور دور تک تعلق نہیں ، ہمارے لیڈر کوجیل میں ڈالا گیا، پی ٹی آئی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، تحریک انصاف کی خواتین رہنما آج بھی جیل میں ہیں، اگر آپ عوام کے نمائندے ہوں تو آپ عوام کا ہی سوچتےہیں، ہم سب کو عمر ایوب اور ان کے خاندان پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا خواجہ آصف تو اقامہ والے ہیں یہاں سے چلے جائیں گے لیکن ہم لوگ کہاں جائیں گے اس ملک سے؟ ہمارے لوگ تو پاکستان کی عوام کی خاطر لڑیں گے، جب اقامے والوں کو اوقات دکھاتے ہیں تو وہ ذاتیات پر آجاتے ہیں۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات